Live Updates

لاہور کنٹونمنٹ انتخابات ،پی ٹی آئی کے ضلعی صدرعبدالعلیم خان کا مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ،ووٹ بھی ڈالا

پی ٹی آئی نے شاندار انتخابی مہم چلائی ، دھونس اور دھاندلی کی کئی کوششیں ناکام بنائی گئیں‘ عبدالعلیم خان کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 25 اپریل 2015 18:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) لاہور کنٹونمنٹ کے پولنگ ڈے پر تحریک انصاف کی طرف سے ہر وارڈ میں مربوط انتظامات کیے گئے تھے اور پارٹی اُمیدوار کے ہمراہ رضاکاران کی بڑی تعداد موجود تھی۔پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان نے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیاانہوں نے لاہور کینٹ کی وارڈ نمبر10کے ڈیڑھ پنڈی گاؤ ں کے پولنگ سٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالااور بعد ازا ملک پور ، لالک چوک ، ڈیفنس روڈ ، آر اے بازار ، بھٹہ چوک سمیت والٹن بورڈ کی مختلف وارڈز کے پولنگ سٹیشنوں پر گئے اور وہا ں الیکشن کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

جہا ں بعض جگہوں پر خواتین ووٹروں کی طرف سے انتخابی فہرستوں میں درپیش مسائل سامنے آئے ۔عبدالعلیم خان لاہور کینٹ کے علاقوں صدر بازار ، میاں میر کالونی ، سرور روڈ اور ملحقہ علاقوں کے پولنگ سٹیشنوں پر بھی گئے اور وہا ں پارٹی کارکنوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہاکہ نواز لیگ کسی قیمت پر بلدیاتی اداروں میں انتخاب نہیں چاہتی تھی یہ تحریک انصاف کی کاوشوں کا ثمر ہے بلخصوص جماعتی بنیادوں پر لوکل باڈیز کے الیکشن کا کریڈٹ پی ٹی آئی کو جاتا ہے ۔

اسی طرح فوج اور رینجرز کی نگرانی میں بلدیاتی انتخاب کا سہرا بھی تحریک انصاف کے سر ہے ان تمام کوششوں کے باوجود مختلف علاقوں سے دھونس اور دھاندلی کی شکایات موصول ہوئیں ہیں جن کا پارٹی تفصیلی جائزہ لے گی ۔عبدالعلیم خان نے کہاکہ بعض پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی فہرستوں اور پولنگ کے عمل سے متعلق الیکشن کمیشن کی کوتاہیاں بھی سامنے آئی ہیں جن کی تحریری طور پر نشاندہی کی جائے گی ۔

اس موقع پر شعیب صدیقی اور حافظ فرحت عباس نے لاہور کینٹ اور والٹن بورڈ کے حلقوں کے حوالے سے بریفینگ دی اور پائی جانے والی بے ضابطگیوں کی تفصیلات بتائیں۔ پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما جمشید اقبال چیمہ ، مہر واجد عظیم ، ظہیر عباس کھوکھر، میاں یامین ٹیپو، فرخ جاوید مون اور شیخ عامر بھی موجود تھے جبکہ پی ٹی آئی شعبہ خواتین کی زرقا تیمور، عائشہ خالد، مسر ت جمشید ، ثانیہ کامران اور انیلہ ساجد بیگ بھی مختلف پولنگ سٹیشنوں پر پارٹی کے انتخابی بوتھ میں موجود رہیں۔

عبدالعلیم خان نے پارٹی عہدیداران کو شاندار انتخابی مہم چلانے پر مبارک باد دی ۔دریں اثناء پی ٹی آئی لاہور کی طرف سے لاہور کینٹ وارڈ 1کے مرکزی دفتر سے پارٹی کے 16ورکز کو پولیس کی طرف سے 16ایم پی او کے تحت گرفتار کیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیاہے رات گئے پارٹی کارکن تھانہ صدر کے باہر بڑی تعداد میں جمع ہوگئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلعی صدر عبدالعلیم خان موقع پر پہنچ گئے انہوں نے کہا کہ ایسے گھناؤنے اقدامات پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔

انہوں نے شعیب صدیقی کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی کو اختیار دیاکہ وہ معاملے کی چھان بین کرکے کاروائی تجویز کرے تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کیاجائے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات