یمن کے مسئلہ پر بعض قوتیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں شیعہ سنی مسئلہ پیدا کرنا چاہتی ہیں ،امام حرم کعبہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں

پاکستانی قوم کبھی بھی اپنے محسن اور دوست مملکت سعودی عرب کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی‘ مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا کنونشن سے خطاب

ہفتہ 25 اپریل 2015 18:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) ارض حرمین پر حملہ کی دھمکیاں کسی ایک مکتبہ فکر کیخلاف نہیں پوری ملت اسلامیہ کیخلاف ہے ،یمن کے مسئلہ پر بعض قوتیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں شیعہ سنی مسئلہ پیدا کرنا چاہتی ہیں ،امام حرم کعبہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں،امام حرم کعبہ کا استقبال پاکستان علماء کونسل کیلئے اعزاز کی بات ہے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی لاہور میں ہونے والے علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔کنونشن سے مولانا ڈاکٹراحمد علی سراج ،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا ایوب صفدر،مولانا عبد الحمید وٹو،مولانا طارق محمود مدنی،مفتی وحید احمد ،پیر نعیم اﷲ فاروقی،حافظ محمد امجد،مولانا شبیر احمد عثمانی،قاری احمد علی ندیم ،مولانا اشفاق پتافی،مولانا ممتاز کلیار،مولانا عمار نذیربلوچ ،مولانا محمد مشتاق لاہوری ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ناموس اور مملکت سعودی عرب کے تحفظ اور دفاع کیلئے آج پوری قوم متحد اور ایک آواز ہے ۔ پاکستانی قوم کبھی بھی اپنے محسن اور دوست مملکت سعودی عرب کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔انہوں نے کہا کہ بعض ارکان پارلیمنٹ نے عرب ممالک کے بارے میں جو غیر سنجیدہ انداز اختیار کیا اس سے پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہونے کے خدشات پیدا ہوئے لیکن آج پارلیمنٹ کی قرارداد میں موجود ابہامات کو پاکستانی قوم اپنے رویہ سے دور کرہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک اپنی سوچ اپنی فکر کسی دوسرے ملک پر مسلط کرنے کی کوشش نہ کرے ایسا کرنے کی صورت میں پورا عالم اسلام تباہی کا شکار ہوسکتا ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ سعودی عرب سے پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔ یمن کے مسئلہ پر بعض قوتیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں شیعہ سنی مسئلہ پیدا کرنا چاہتی ہیں ۔

پاکستان میں شیعہ سنی تنازعہ پیدا کرنے کی کوششوں کو نہ ماضی میں کامیاب ہونے دیا ہے نہ آئندہ ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ملک کے اندر اور بیرون ملک بین المذاہب بین المسالک مکالمہ کیلئے کوشاں ہے اور جو لوگ پاکستان میں مختلف مسالک اور مذاہب کے درمیان تصادم پیدا کرنا چاہتے ہیں انکی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام ،مشائخ عظام ،مفکرین اور دانشور قوم کی رہنمائی کیلئے میدان میں آئیں ۔ ارض حرمین الشریفین کا دفاع باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہے۔ پاکستانی قوم کبھی بھی اپنے محسن اور دوست مملکت سعودی عرب کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔