ایچ ای سی کے زیر اہتمام آل پاکستان انٹر یونیورسٹیز اتھلیٹک چمپئن شپ کا آغاز

100 میٹر،5000 میٹر، لانگ جمپ کے مقابلوں میں پنجاب یونیورسٹی نے میدان مار لیا

ہفتہ 25 اپریل 2015 18:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام تین روزہ ہائر ایجوکیشن کمیشن انٹر یونیورسٹیز اتھلیٹک چمپئن شپ 2014-15 کا آغاز ہو گیا۔ مقابلوں کی افتتاحی تقریب واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران، ایڈوائز ٹو ایچ ای سی شاہین خان، قائمقام ڈائریکٹر سپورٹس شمسہ ہاشمی ، متعدد یونیورسٹیوں کے سپورٹس آفیشلز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی چیمپنئن شپ میں 42 یونیورسٹیوں کے 600میل اور فی میل اتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں جس میں لڑکوں کے 20 ایونٹس اور لڑکیوں کے 17 ایونٹس منعقد ہو رہے ہیں اور پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں کھلاڑی اور تعلیمی ادارے چیمپنئن شپ میں حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب دفاعی چیمپئن پنجاب یونیورسٹی کے کھلاڑیوں نے مختلف مقابلوں میں دوسری یونیورسٹیوں کے کھلاڑیوں کو شکست دے دی۔

پہلے روز ہونے والے 100 میٹر مردانہ دوڑ میں پنجاب یونیورسٹی کے فرحان حیدر نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے عون نقوی نے دوسری پوزیشن جبکہ پنجاب یونیورسٹی کے حافظ شہباز نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ 100 میٹر زنانہ ریس کے مقابلوں میں پنجاب یونیورسٹی کی سحرش اصغر نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سرگودھا یونیورسٹی کی مسرت شاہین نے دوسری پوزیشن اور یونیورسٹی آف لاہور کی حنا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

5000 میٹر ریس میں بھی پنجاب یونیورسٹی کے اتھلیٹ مصور اقبال نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ لانگ جمپ کے مقابلوں میں پنجاب یونیورسٹی کے دو اتھلیٹس عدنان جہانگیر نے پہلی، فرحان حیدر نے دوسری جبکہ عبدالولی خان یونیورسٹی کے الیاس خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یونیورسٹیوں سے پاکستان کے بہترین اتھلیٹ نکلیں گے انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کو دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

ایڈوائز ایچ ای سی شاہین خان نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کھیلوں کے بہترین کلچر کو فروغ دیا ہے۔ سپورٹس ایونٹ کا بہترین انتظامیہ کرنے پر پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ بعد ازاں ڈاکٹر مجاہد کامران نے مختلف مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔