ڈپٹی کمشنر ایسٹ آغا پرویز کا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی کے ہمراہ بلدیہ شرقی میں برساتی نالوں کی صورتحال کا تفصیلی معائنہ

ہفتہ 25 اپریل 2015 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) ڈپٹی کمشنر ایسٹ آغا پرویزنے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی سید صلاح الدین احمد کے ہمراہ بلدیہ شرقی میں موجود برساتی نالوں کی صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا، اس موقع پر سپرنٹینڈنگ انجینئر فضل محمود گل ، ایکسی این جمشید زون شاہد چوہدری ، اے سی زاہد میمن سمیت گلشن و جمشید زون اور کے ایم سی کے تمام متعلقہ افسران موجود تھے ۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے اسکیم 33 میں سونگل نالہ، منظور کالونی نالہ اور سولجر بازار نالے کا تفصیلی معائنہ کرکے صفائی کی صورتحال اور نالے کی مرمت کے حوالے سے جائزہ لیا ،اس موقع پرڈپٹی کمشنر آغا پرویز نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بروز پیر سے نالوں کی صفائی کے کام کا آغاز کر دیا جائے انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں سے قبل تمام نالوں کی صفائی کا کام یقینی بنایا جائے ،انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ برساتی نالوں کے گردونواح کچرا اٹھاکر ٹھکانے لگانے کا کام روزانہ کی بنیاد پر انجام دیا جاتارہے جبکہ عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں بصورت دیگر برسات میں کچرے کے سبب نالوں کے اوور فلو ہونے کے ساتھ ساتھ علاقوں میں اوور فلو کے مسائل بڑھ جاتے ہیں لہذا اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے اقدامات جلد از جلد کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر سید صلاح الدین احمد نے یقین دہانی کرائی کہ کے ایم سی کے متعلقہ افسران کے ساتھ کوآرڈینیشن کرکے نالوں کی صفائی کے کام کو جلد از جلد یقینی بنایا جائیگا۔