آئی جی سندھ کی ہدایت پر نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر کے اغواء کا مقدمہ ایس ایچ او سوئی گیس و دیگر اہلکاروں کے خلاف درج

ہفتہ 25 اپریل 2015 17:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی ہدایت پر نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر کے اغواء کا مقدمہ ایس ایچ او سوئی گیس سمیت دیگر اہلکاروں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر بلیز پیراڈائز فیز 2بلاک 18فلیٹ نمبر D-620میں گیس بل کی ادائیگی کے لیے پہنچے والی سوئی گیس تھانہ حیدری کی پولیس پارٹی نے گیس کے بل کی عدم ادائیگی پر نعیم احمد کو حراست میں لے لیا ۔

(جاری ہے)

نعیم احمد کو حراست میں لیے جانے پر نجی ٹی وی چینل کے سینئر رپورٹر اور پی ایف یو جے کے رکن مشتاق سرکی نے انسپکٹر حبیب اﷲ قریشی سے تفصیلات معلومات کرنا چاہیں تو ایس ایچ او نے مشتاق سرکی کے ساتھ بدسلوکی کی اور اسلحہ کے زور پر انہیں اغواء کے بعد ناظم آباد تھانہ منتقل کردیا ۔واقعہ کی اطلاع آئی جی سندھ کو دی گئی جس پر انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سوئی گیس حیدری تھانہ حبیب اﷲ قریشی اور دیگر اہلکاروں کے خلاف شارع فیصل تھانے میں اغواء کا مقدمہ 280/15تعزیرات پاکستان کی دفعہ 365-A,337-Aاور انسداد دہشت گردی کی دفعات 7-ATAکے تحت درج کرلیا گیا ۔جبکہ واقعہ کی تحقیقات اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کو منتقل کردی گئی ہیں ۔