ککری گراؤنڈ میں پیپلزپارٹی کے جلسے کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں ،آئی جی سندھ

انٹیلی جنس کلیکشن اور شیئرنگ کو موثر بنانے کیلئے سادہ لباس پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے،غلام حیدر جمالی کی ہدایات

ہفتہ 25 اپریل 2015 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے ہفتہ کو ککری گراؤنڈ لیاری میں پیپلزپارٹی کے جلسے کی سکیورٹی کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کی ۔26اپریل کو جلسے میں عوام کی کثیر تعداد کے علاوہ وزیر اعلیٰ سندھ ،ارکان کابینہ ،ارکان قومی اسمبلی کی شرکت متوقع ہے ۔آئی جی سندھ نے اجلاس میں ہدایات جاری کیں کہ جلسہ گاہ کے اندرونی حصوں ،اطراف اور جلسہ گاہ کی جانب جانے والی مرکزی گذر گاہوں پر پولیس افسران اور جوانوں کو نمایاں مقامات اور لیاری کے منتخب علاقوں میں پولیس کمانڈوز کو تعینات کیا جائے اور ککری گراؤنڈ کے اطراف میں منتخب کی جانے والی بلند عمارتوں پر اسنائپرز کی تعیناتی سمیت گراؤنڈ کی بم ڈسپوزل اسکواڈ مکمل سوئپنگ کے عمل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس کلیکشن اور شیئرنگ کو موثر بنانے کے لیے سادہ لباس پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔عوامی جلسہ گاہ سے گاڑیوں کی پارکنگ کو مناسب دوری پر رکھا جائے اور مقرر کردہ پارکنگ ایریاز میں علاقہ پولیس اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو تعینات کیا جائے ۔موثراور مربوط سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام میں احساس تحفظ اجاگر کرنے کے لیے پولیس کے خصوصی دستوں کے فلیگ مارچ کو یقینی بنایا جائے ۔

اس موقع پر اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو ،ایڈیشنل آئی جی کرائم سندھ ،ڈی آئی جیز ٹریننگ ،ٹریفک ،اسپیشل برانچ اور سی آئی اے سمیت زونل ڈی آئی جیز ،ضلعی ایس ایس پیز اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی ۔انہوں نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام زونز کے ایس ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز رینڈم اسنیپ چیکنگ ،پٹرولنگ ،پکٹنگ سمیت داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کرکے نگرانی اور سرچنگ کے عمل کو یقینی بنائیں اور تمام ایس ایچ اوز کی سرکاری موبائل میں موجودگی اور گشت کو بھی لازمی بنایا جائے ۔

انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کو ہدایت دی کہ عوامی جلسہ کے موقع پر ٹریفک کی روانی کے ضمن میں شہریوں کے لیے متبادل راستوں کو نہ صرف یقینی بنایا جائے بلکہ اس ضمن میں تمام سیکشن افسران ،ٹریفک زونز کو ٹریفک پولیس افسران و جوانوں کی تعیناتی کے حوالے سے خصوصی ہدایات بھی جاری کی جائیں ۔

متعلقہ عنوان :