مجید کی اقتدار کی کشتی سونامی کے بھنور میں پھنس چکی ہے، چکسواری کی عوام نے حکومت پر عدم اعتماد کردیا ہے،بیرسٹر سلطان

لینڈ و قبضہ مافیا،ڈکیتوں، رسہ گیروں کیخلاف دو بدو معرکے کا وقت آن پہنچا، عمران کے ٹائیگرز خود کو صف آراء کرلیں، ریاست کے اندر کرپٹ حکمرانوں کیخلاف میں کسی بھی وقت جنگ کا بگل بجا دوں گا، اسلام گڑھ میں استقبالیہ تقریب سے خطاب

ہفتہ 25 اپریل 2015 17:57

اسلام گڑھ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء ) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ چودھری مجید ابھی تک رسوا کن شکست کے زخم چاٹ رہا ہے،عرصہ دراز تک اِن زخموں سے خون ٹپکتا رہے گا اور درد کی جان لیوا ٹیسیں اُٹھتی رہیں گی، مجید میرپور فتح کرنے نکلا تھا، آج اسلام گڑھ آکر پتہ چلا کہ چکسواری کی عوام نے بھی مجید کی قیادت پر عدم اعتماد کردیا ہے، چکسواری کے لوگ غیرت مند ہیں جرأتمند ہیں، تاریخی پس منظر رکھنے والے ہیں، ان کا نمائندہ مجید جیسا منافق، ٹھک، چور، لٹیرا نہیں ہو سکتا، آئندہ چکسواری سے تحریک انصاف کا ٹکٹ ہولڈر تاریخی کامیابی حاصل کرے گا، مجید کی اقتدار کی کشتی سونامی کے بھنور میں پھنس چکی ہے، جو اس کشتی سے اُتر گیا وہ بج گیا جو جو اِس ڈوبتی کشتی میں سوار رہیں گے، سونامی کی لہریں اُنہیں سمندر برد کردیں گی، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ پندرہ گھنٹے سے تجاوز کرچکا ہے، طویل ترین لوڈ شیڈنگ سے کاروبارِ زندگی عملاًمعطل ہو چکا، دو مرتبہ پاکستان کی خوشحالی کی خاطر قربانیاں دینے والے میرپور کو اندھیروں کے سپرد کردیا گیا ہے، بجلی کی حالیہ لوڈ شیڈنگ فی الفور ختم کی جائے، بصورت دیگر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف متعلقہ ادارے خوفناک عوامی احتجاج کیلئے خود کو تیار سمجھیں، مجید حکومت عوامی حمایت کھو چکی، لینڈ مافیا قبضہ مافیا، چوروں، ڈکیتوں، رسہ گیروں کے خلاف دو بدو معرکے کا وقت قریب آن پہنچا، عمران کے ٹائیگرز خود کو صف آراء کرلیں، ریاست کے اندر کرپٹ حکمرانوں کے خلاف میں کسی بھی وقت جنگ کا بگل بجا دوں گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اسلام گڑھ میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری جب جلسہ گاہ پہنچے تو ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے نوجوان ڈھول کی تھاپ پر اور پی ٹی آئی کے ترانوں پر رقص کرتے رہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری پر اس اس موقع پر منوں پھول نچھاور کیے گئے۔

بیرسٹر تیرے جانثار بے شمار بے شمار کے فلک بوس نعروں سے اسلام گڑھ کی فضا گونج اُٹھی، اس موقع پر چیف آرگنائزر پی ٹی آئی ظفر انور، سابق چیف آرگنائزر راجہ مصدق خان، ضلعی صدور سردار عبدالغفار خان، قمر چودھری، آصف ایڈووکیٹ سابق چیئرمین ایم ڈی اے چودھری محمد صدیق، طارق ایوب، سابق ایڈمنسٹریٹر چودھری محمد منشاء اور دیگر مرکزی رہنما بھی ان کے ہمراہ موجودتھے۔

تقریب کی صدارت سابق چیف آرگنائزر پی ٹی آئی کشمیر راجہ مصدق خان نے کی۔ تقریب نے قمر طالب نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ استقبالیہ تقریب سے بیرسٹر سلطان محمود چودھری کے علاوہ چیف آرگنائزر پی ٹی آئی چودھری ظفر انور، سابق امیدواران اسمبلی چودھری رزاق، راجہ وسیم خالد، عبدالرحمن ایڈووکیٹ، سابق چیئرمین ایم ڈی اے چودھری صدیق، ابرار نیاز ایڈووکیٹ، ناظم گجر، طارق ایوب، ندیم بوٹا، قمر چودھری، آصف ایڈووکیٹ، سردار عبدالغفار خان، باوا عبدالکریم، راجہ محمد جمیل، راجہ فیصل، محسن علی، قمرطالب، اصغر علی اور دیگر نے خطاب کیا۔

تحریک انصاف آزادکشمیر کے چیف آرگنائزر چودھری ظفر انور نے اپنی تقریر میں کہا کہ آج بیرسٹر سلطان محمود چودھری کو اسلام گڑھ کے اندر اس بڑی استقبالیہ تقریب کے موقع پر ضمنی الیکشن میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں اور بیرسٹر سلطان محمود چودھری کو اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ چکسواری کے حلقے سے چودھری مجید کی سیاست کا صفایا کرکے آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

میرپور کے اندر حالیہ دنوں میں جو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ ہم اُس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس بات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو فوری طور پر ختم کیا جائے ورنہ ہم اس کے خلاف احتجاج کی کال بھی دے سکتے ہیں۔ لوگ ریاست بھر میں تحریک انصاف میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں یہ اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ آزادکشمیر کے اندر عمران خان کے ویژن کو عوامی پذیرائی مل رہی ہے اور آنے والا وقت تحریک انصاف کا ہوگا۔

پی ٹی آئی کی تنظیم سازی کا کام جلد شروع ہونے والا ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ خالق آباد سے اسلام گڑھ تک مختلف جگہوں پر جس انداز میں اور جس ولولے سے میرا استقبال کیا گیا وہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ حلقہ چکسواری کے لوگ برادریوں اور علاقائی تعصبات کو چھوڑ کر پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے جمع ہو چکے ہیں اور یہ یہاں کے مجاور وزیراعظم سے نجات چاہتے ہیں۔

چکسواری کے لوگوں کو اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ مجید کا دور اب ختم ہو چکا ہے۔ چکسواری سے تحریک انصاف کا ٹکٹ ہولڈر ہی کامیاب ہوگا۔ پیپلزپارٹی کا موجودہ دورِ حکومت میں جس انداز سے ریاستی تشخص پامال کیا گیا اور جس پیمانے پر کرپشن کی گئی اُس کی آزادکشمیر کی تاریخ میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔ یہاں کے وزیراعظم نے اپنے مکروہ کردار سے چکسواری سمیت پوری ریاست کو بدنام کیا ہے۔ آئندہ الیکشن میں عوام مجید کی کرپشن اور مجید کے کالے کرتوتوں کا ووٹ کی پرچی کے ذریعے انتقام لیں۔

متعلقہ عنوان :