تین سال سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ اتوار کو پیپلز پارٹی کے جلسہ میں طاقت کا مظاہرہ کریں گے

کراچی بھر کے اساتذہ اپنے اصل آفر آرڈر کیساتھ آئیں گے ،پارٹی قائدین کو اصل اور نقل کی پہچان بتائیں گے ،ابوبکر ابڑو

ہفتہ 25 اپریل 2015 17:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) تین سال سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ اتوار کو پیپلز پارٹی کے لیاری میں منعقدہ جلسہ عام میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گے جس میں لیاری سمیت کراچی بھر کے سیکڑوں اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف اپنے اصل آفر آرڈر سمیت دیگر دستاویزات ہمراہ لائیں گے اور پیپلز پارٹی قائدین کو اصل اور نقل کی پہچان بتائیں گے صرف زبانی کلامی طور پراساتذہ کوجعلی بھرتی قرار دے دینا درست نہیں ۔

یہ بات نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ابو بکر ابڑو نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ابوبکر ابڑو کا کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی کے جلسہ عام میں ورکر کی حیثیت سے شرکت نہیں کریں گے بلکہ وہ تنخواہوں کے اجراء کو یقینی بنانے کے لئے حکمران کی توجہ چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم جیسے ایک عام آدمی کو اقتدار کے ایوانوں تک رسائی حاصل نہیں اسلئے یہ جلسہ ہمارے لئے ایک بہترین موقع ہے اسی سوچ کے ساتھ ہم جلسہ گاہ کے باہر کھڑے ہو کر علامتی مگر خاموش احتجاج کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ انتظامیہ اس دوران ہمارے ساتھ نامناسب رویہ اختیار نہیں کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں اساتذہ انصاف کے لئے عدالت سے رجوع کر چکے ہیں ،مایوس نہیں ہوئے اب بھی پر امید ہیں لیکن صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں بھرتی ہونیوالوں کو ان ہی کے بعض لوگ جعلی بھرتی قرار دے رہے ہیں اس سے بڑی ستم ظریفی ہمارے ساتھ اور کیا ہوگی ہم بوگس بھرتیوں کی حمایت نہیں کرتے لیکن اصل حقدار کواس کے حق سے محروم رکھنا بھی کسی صورت درست نہیں۔

متعلقہ عنوان :