ملتان ریجن میں سمارٹ کارڈز تبدیل کر کے بے نظیر ڈیبٹ کارڈ تقسیم کئے گئے ٗماروی میمن

پروگرام کومزیدموثر بنانے کیلئے تحصیل کی سطح پر دفاتر کی کارکردگی کو بہتر کیاجارہاہے ٗملتان میں گفتگو

ہفتہ 25 اپریل 2015 17:42

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن نے کہا ہے کہ ملتان ریجن میں سمارٹ کارڈز تبدیل کر کے بے نظیر ڈیبٹ کارڈ تقسیم کئے گئے۔گزشتہ روز بی آئی ایس پی ڈویژنل آفس ملتان کا دورہ کیااس موقع پر انہوں نے کہاکہ پروگرام کومزیدموثر بنانے کیلئے تحصیل کی سطح پر دفاتر کی کارکردگی کو بہتر کیاجارہاہے۔

انہوں نے عوامی شکایات کے اندراج کانظام بہتر نہ ہونے پر عملے کی سرزنش کی ۔انہوں نے اس موقع پر آفس کے مختلف شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا۔گزشتہ چار سال کے دوران شکایات رجسٹرمیں صرف1100شکایات اندراج ہونے پر انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ اس شکایات کے اندراج کے نظام کو بہتربنائیں ۔اس کے علاوہ عوام میں سوشل موبلائزیشن کے نظام کو بھی موثربنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین اس پروگرام سے مستفید ہوسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بی آئی ایس پی آفس میں موجود خواتین سے بھی ملاقات کی اورمسائل دریافت کیے اوران کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کیے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم میاں نوازشریف کی ہدایت پر بی آئی ایس پی دفاتر کا دورہ کررہی ہوں تاکہ بی آئی ایس پی کے مستحقین کو درپیش مسائل کا جلد ازجلد ازالہ کیا جائے۔بعد ازاں انہوں نے بی آئی ایس پی تحصیل آفس کابھی د ورہ کیا۔

قبل ازیں بی آئی ایس پی ملتان ڈویژن کے ڈائریکٹر شیخ نور محمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب پروگرام کو مزید بہتربنانے کیلئے مستحقین میں سمارٹ کارڈکی تقسیم کاعمل شروع کردیاگیا ہے اور گزشتہ تین دنوں کے دوران 500سمارٹ کارڈ تقسیم کیے جاچکے ہیں۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بی آئی ایس پی تحصیل صدر کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سعدیہ فاطمہ نے بتایا کہ اس پروگرام سے ملتان ڈویژن کی مجموعی طورپر4لاکھ81ہزار162خواتین مستفید ہو رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملتان ڈویژن میں جلالپورپیروالہ،ملتان سٹی،ملتان صدر،شجاع آباد،کبیروالہ،میاں چنوں،لودھراں،خانیوال،جہانیاں،دنیا پور،کہروڑپکا،میلسی،وہاڑی اوربوریوالا میں بی آئی ایس پی کے 14تحصیل سطح کے دفاتر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :