کراچی ،پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے کی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات

جلسہ گاہ کے اطراف 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے،واک تھرو گیٹس نصب

ہفتہ 25 اپریل 2015 17:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے میں سکیورٹی انتظامات کے لیے پولیس کو درخواست دے دی گئی ہے ۔ پولیس نے جلسے کی سکیورٹی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں ۔ جلسہ گاہ کے اطراف 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے ۔

جلسے کے آغاز سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ کی خصوصی ٹیمیں سرچنگ کریں گے اور کلیئرنس کے بعد جلسے کا آغاز کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جلسہ گاہ میں شرکت کے باعث اطراف کی شاہراہوں پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہوں گے ۔ جلسہ گاہ کے اندر کی سکیورٹی پیپلز پارٹی کے رضا کاروں کے پاس ہو گی ۔ لی مارکیٹ کے داخلی پوائنٹ پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے ۔

جلسہ گاہ کے اطراف شاہراہوں کو پولیس نے گذشتہ روز سے ہی عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا ۔ جلسہ گاہ کے اطراف 2 کلو میٹر تک گاڑیوں کے پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ اطراف کی عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کیے جائیں گے ۔ جلسہ گاہ میں مرکزی استقبالیہ کیمپ اور سکیورٹی کیمپ بھی قائم کر دیا گیا ہے اور پارکنگ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔