پیپلز پارٹی (کل ) ککری گراؤنڈ لیاری میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کریگی

جلسے سے آصف زرداری ،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت مرکزی قیادت خطاب کریگی

ہفتہ 25 اپریل 2015 17:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی ( اتوار) ککری گراؤنڈ لیاری میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ۔ ککری گراؤنڈ جلسے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔جلسے سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت مرکزی قیادت خطاب کرے گی ۔ پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات وقار مہدی کے مطابق اتوار کو لیاری کے ککری گراؤنڈ میں پیپلز پارٹی تاریخی عوامی جلسہ عام منعقد کرے گی ۔

گراؤنڈ میں 25 ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ گراؤنڈ کے احاطے میں موجود انکلورژ میں بھی عوام کے بیٹھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ جلسہ گاہ میں اسٹیج کی تیاری کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اسٹیج 60 فٹ لمبا اور 20 اونچا اور 24 فٹ چوڑا ہو گا ، جس پر خوبصورت اسکرین نصب کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

جلسہ گاہ کے اندر اور اطرات کی عمارتوں پر پیپلز پارٹی کے پرچموں ، ذوالفقار علی بھٹو ، بے نظیر بھٹو ، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی تصاویر پر مبنی اسکرینز نصب کی گئی ہیں ۔

جلسہ گاہ کے اطراف خیر مقدمی بینرز بھی آراستہ کیے گئے ہیں ۔ جلسے کا آغاز اتوار کی شام پانچ بجے ہو گا جبکہ عوام کی آمد کا سلسلہ دوپہر ایک بجے سے ہی شروع ہو جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ جلسہ گاہ عوام کی آمد کے لیے تین داخلی راستے بنائے گے ہیں جبکہ عوام کی آمد کے لیے مرکزی پوائنٹ لی مارکیٹ چوک پر قائم کیا گیا ہے ۔ جلسہ گاہ میں سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو کنٹرول کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کے دو ہزار رضا کار خدمات انجام دیں گے ، جن کو خصوصی پاسز جاری کیے گئے ہیں جبکہ میڈیا کے لیے خصوصی کوریج پوائنٹ قائم کیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ جلسے کے حوالے سے لیاری میں جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ جلسے میں آصف علی زرداری کا خطاب انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا اور وہ اہم اعلانات کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ جلسہ پیپلز پارٹی کی بلدیاتی انتخابات کے لیے عوامی رابطہ مہم کا حصہ ہے ۔