کراچی صوبے کا مطالبہ الطاف حسین نے نہیں عوام کی جانب سے کیاگیا، ایم کیو ایم

جہاں جہاں لوگ صوبے کا مطالبہ کررہے ہیں وہاں بھی صوبے بنائے جائیں، ارکان قومی اسمبلی

ہفتہ 25 اپریل 2015 17:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) متحدہ قومی موومنت کے ارکان اسمبلی نے کہا ہے کہ کراچی صوبے کا مطالبہ الطاف حسین کی جانب سے نہیں بلکہ حقوق سے محروم عوام کی جانب سے کیاگیا ہے۔کراچی سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی نے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کی جانب سے کراچی صوبے کا مطالبہ الطاف حسین سے منسوب کرنا افسوس ناک ہے، الطاف حسین نے ہرگز کراچی صوبے کامطالبہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ شب جناح گرانڈ عزیزآباد میں حقوق سے محروم عوام کی جانب سے کراچی صوبے کے نعرے گونجنے لگے جس پرالطاف حسین کی جانب سے کہا گیا کہ کراچی کے عوام میں محرومی بڑھ رہی ہے اوروہ اپنے حقوق کیلئے متحد ہوکر کراچی کو صوبہ بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں اور اسی طرح جہاں جہاں لوگ صوبے کا مطالبہ کررہے ہیں وہاں بھی عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق صوبے بنائے جائیں۔ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے عوام کے مطالبے کو الطاف حسین سے منسوب کرکے قوم سے جھوٹ بولا ہے۔