سعودی عرب پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور کرتے ہیں، امام کعبہ کے ذریعہ سعودی بھائیوں کو پیغام دیتے ہیں، اگر کسی نے سعودی عرب کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تواہل پاکستان اس کے مقابلے کیلئے اٹھ کھڑے ہونگے ،ہمارا جینا مرنا سعودی عرب کے ساتھ ہے ،مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہماری محبتوں اور عقیدتوں کا مرکز ہے،ہمارے جسم پاکستان میں ، روح مکہ مکرمہ اور مدینہ منور ہ میں ہے،سعودی عرب اسلام اور امن کا قلعہ ہے ،ہمارے دل سعودی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا منصورہ میں امام کعبہ ی کی نماز فجر کی امامت کے بعد نمازیوں سے خطاب

ہفتہ 25 اپریل 2015 16:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم سعودی عرب پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور کرتے ہیں، امام کعبہ الشیخ خالد الغامدی کے ذریعہ اپنے سعودی بھائیوں کو پیغام دیتے ہیں، اگر کسی نے سعودی عرب کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تواہل پاکستان اس کے مقابلے کیلئے اٹھ کھڑے ہونگے ،ہمارا جینا مرنا سعودی عرب کے ساتھ ہے ،مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہماری محبتوں اور عقیدتوں کا مرکز ہے،ہمارے جسم پاکستان میں جبکہ روح مکہ مکرمہ اور مدینہ منور ہ میں ہے،سعودی عرب اسلام اور امن کا قلعہ ہے ہمارے دل سعودی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

وہ ہفتہ کو امام کعبہ کی منصورہ میں موجودگی کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ ہم کعبة اللہ کے امام کے سامنے آج ایک بار پھر اعلان کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کو اس کے قیام کی حقیقی منزل لاالہ الااللہ سے ہمکنار کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اورہم زندگی کے آخری لمحہ اور خون کے آخری قطرہ تک پاکستان میں دین کے نفاذ اور شریعت محمدی ﷺکیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

امام کعبہ کی منصورہ آمد ہمارے لئے باعث مسرت اور برکت ہے ،یہ صرف جماعت اسلامی کیلئے نہیں بلکہ دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کیلئے خوشی اور مسرت کا لمحہ ہے ۔سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ خیر اور شر کے معرکہ میں سعودی عرب خود کو تنہا نہ سمجھے ،اہل پاکستان حرمین الشریفین کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنا سعادت سمجھتے ہیں ۔سعودی عرب دنیا میں ہدایت ،عزت اور امن کا مرکز ہے ہم امام حرم کے ذریعہ سعودی عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ سعودی عرب اور پاکستان یک جان دوقالب ہیں ۔

سعودی عرب عالم اسلام کا قائد ہے ۔یہ صرف میرے یاجماعت اسلامی کے کارکنوں کے جذبات نہیں بلکہ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کی آواز ہے ۔انہوں نے کہا کہ امام کعبہ کی پاکستان آمدپاکستان اور اہل پاکستان کیلئے خوشی اور عید کا دن ہے ۔انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ کے بعد پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جو کلمہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ۔پاکستانی قوم کی یہ خوش بختی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں پاکستان جیسی نعمت عطا کی ،اب اس مملکت خداداد کی حفاظت اور اس کے قیام کے مقاصد پورے کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔