وفاقی حکومت چاروں صوبوں ،آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی و خوشحالی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے، سردار محمد یوسف

ہفتہ 25 اپریل 2015 16:25

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء)وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان چاروں صوبوں باالخصوص آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی و خوشحالی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے۔ آزادکشمیر کی حکومت کو فنڈز کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔ ملازمین اور حکومت دونوں مل کر عوام کی بہتر انداز میں خدمت کر سکتے ہیں۔

اس سال حج پالیسی کو مزید فعال بنایاجارہا ہے۔ نماز و صلوة کے حوالہ سے 10رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ جو اذان اور جماعت کے وقت کا تعین کرے گی۔ آئندہ سال آزادکشمیر کے ملازمین کے لیے حج کوٹہ کو بحال کرنے کے علاوہ اس میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما سید علی گیلانی اور یاسین ملک کی گرفتاری کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت جبر و استبداد سے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر اپنا تسلط زیادہ دیر تک قائم نہیں رکھ سکتا۔ آل سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسو سی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے آل سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسو سی ایشن آزادکشمیر کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حلف برداری کی تقریب کی صدارت ممبر خیبر پختونخواہ اسمبلی میاں ضیاء الرحمٰن نے کی۔ جبکہ تقریب سے مشیر صدارتی امور راجہ ساجد، صدر گزٹیڈ آفیسر ایسو سی ایشن سردار جاوید ایوب ، صدر آل سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسو سی ایشن محمد شریف اعوان، چیف آرگنائزر جاوید اقبال چوہدری، صاحبزادہ عبدالشکور اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر، سیکرٹری صاحبان حکومت ، سربراہان محکمہ جات آزادکشمیر کی جملہ تنظیم ہا کے عہدیداران، ملازمین، میڈیا اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ تحریک آزادی تحریک تکمیل پاکستان ہے۔ آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی و خوشحالی ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ وہ جب بھی آزادکشمیر آئے انہوں نے عوامی نوعیت کے منصوبوں کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان کی حکومت اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کاحکومت پاکستان کا موقف بڑا واضح اور دوٹوک ہے۔

سردار محمد یوسف نے کہاکہ حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام اور فوج ہروقت تیار ہے۔ وفاقی مذہبی امور نے کہا کہ ملازمین اور حکومت مل کر انسانیت کی خد مت کریں۔ ہمارا سب کا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ نظام کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے ملازمین کا کردار انتہائی اہم ہے۔ عوام کی خدمت کے لیے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کریں گے۔ ملازمین بھی عوام کی خدمت ، اپنے فرائض منصبی دلچسپی اور دلجمی سے سرانجام سرانجام دیں۔ اس سے دنیا و آخرت بہتر کی جاسکتی ہے۔ انہوں ن کہاکہ کہ ہم ملازمین کی بدولت معاشرے سے کرپشن ، رشوت اور نا انصافی کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ اس سے پہلے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے آل سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسو سی ایشن آزادکشمیر کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔