پاکستان خطے سمیت پوری دنیا میں قیام امن کے لئے پر عزم ہے‘ قائمقام گورنر پنجاب

ہفتہ 25 اپریل 2015 16:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال خان نے کہا ہے کہ پاکستان خطے سمیت پوری دنیا میں قیام امن کے لئے پر عزم ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک کی سیاسی و عسکری قیادت اور عوام متحد ہیں،پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں افغانستان، بھارت اور سری لنکاکی ڈیف کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔قائمقام گورنر رانا محمد اقبال نے کہا کہ بھارت، سری لنکا اور افغانستان کی ڈیف کرکٹ ٹیموں کے دورے سے عالمی سطح پر ایک مثبت پیغام جائے گا کہ پاکستان صحت مند سرگرمیوں کے لئے بہترین جگہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کھیلوں کے فروغ کے ذریعے خیر سگالی کے جس جذبہ کا آغاز کیا ہے خطے کے دوسرے ملکوں کو بھی اس کی تقلید کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے ۔

رانا محمد اقبال نے کہا کہ خطے کے تمام ملک مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی سمیت یکساں مسائل کا شکار ہیں اور تمام ملکوں کو اپنے عوام کے معیار زندگی بہتر کرنے کے لئے سب کو متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹی 20 ایشین ڈیف کرکٹ کپ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر پی سی بی اور متعلقہ حکام کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے آنے والے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان کے سفیر ثابت ہونگے جو اپنے وطن میں واپس جا کر پاکستان کے بہتر امیج میں کردار ادار کرے گے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ٹی 20 ایشین ڈیف کرکٹ کپ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کو فروغ ہوگا۔ اس موقع پر گورنر نے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :