فاٹا سیکرٹریٹ کے حکام اور پولیٹیکل انتظامیہ فاٹا میں باالعموم اور باڑہ ایجنسی میں با لخصوص بند صنعتی یونٹوں کا جائزہ لے کر ان کے حوالے سے ایک رپورٹ تیار کرے، گورنرخیبرپختونخوا

ہفتہ 25 اپریل 2015 15:21

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے فاٹا سیکرٹریٹ کے حکام اور پولیٹیکل انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فاٹا میں باالعموم اور باڑہ ایجنسی میں با لخصوص بند صنعتی یونٹوں کا جائزہ لے کر ان کے حوالے سے ایک رپورٹ تیار کرے اور جو کارخانے فوری طور پر چالو ہو سکتے ہیں انہیں فنکشنل کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں ۔

وہ بزنس مین فورم کے لیڈر سنیٹر الیاس بلور کی قیادت میں قبائلی صنعتکاروں کی ایک پانچ رکنی وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔وفد میں دوسروں کے علاوہ خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نائب صدر حاجی محمد اقبال خان آفریدی ، حاجی قدیم خان آفریدی ، حاجی محمد جاوید آفریدی اور حاجی شفیق آفریدی شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو فاٹا ترقیاتی ادارہ ڈاکٹر فدا محمد وزیر ، سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر فاٹا شکیل قادر، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر ڈاکٹر فخر عالم خان اور پی اے خیبر شہاب علی شاہ بھی موجود تھے۔

گورنر نے کہا کہ فاٹا میں پہلے سے موجود انڈسٹریل اسٹیٹس کی بحالی اور نئے صنعتی بستیوں کے قیام سمیت انہیں اکنامک کوریڈور سے منسلک کرنے کیلئے فیزی یبلٹی پر کام جاری ہے اور یہ تجاویز تیار کرکے وفاقی حکومت کو بھیجوائی جائیں گی تاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ان پر کام ہو اور فاٹا میں بڑے پیمانے پر معاشی سرگرمیوں کی بحالی اور اجراء ممکن ہو سکے۔ وفد نے گورنر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں فاٹا میں کاروباری سرگرمیوں کی بحالی میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :