Live Updates

تحریک انصاف کے دھاندلی کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں :ن لیگ

ہفتہ 25 اپریل 2015 14:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات میں مبینہ منظم دھاندلی کے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا ہے۔ جوڈیشل کمیشن کیلئے تیار تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ ن لیگ بطور جماعت کسی بھی قسم کی دھاندلی میں ملوث نہ ہے۔ جبکہ انفرادی دھاندلی کی بیشتر شکایات پر ٹربیونلز فیصلے دے چکے ہیں۔

تحریک انصاف کے منظم دھاندلی کے الزامات پر پاکستان مسلم لیگ ن نے جوڈیشل کمیشن کے لئے تحریری جواب کا مسودہ تیار کر لیا ہے ۔ جواب میں میں پی ٹی آئی کے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا گیا ہے۔ ن لیگ کی قانونی ٹیم کے رکن رفیق رجوانہ کے مطابق ن لیگ بطور جماعت عام انتخابات 2013 میں کسی قسم کی دھاندلی میں ملوث نہ تھی ، عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کو ووٹ ان کے منشور اور مقبولیت کے باعث ملا ، انفرادی طور پر دھاندلی کے معاملات ٹربیونلز میں زیر التواء ہیں جبکہ بیشتر شکایات نمٹائی جا چکی ہیں۔

(جاری ہے)

تحریری جواب میں میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف دو سال تک عام انتخابات 2013 میں سازش کا الزام لگاتی رہی لیکن جوڈیشل کمیشن کے سامنے تحریک انصاف عام انتخابات 2013 میں سازش کے الزام سے دستبردار ہو گئی اور الیکشن کمیشن کے انتخابی عمل میں بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹھایا۔ ن لیگ کے جواب میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے بیشتر امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں اور انہوں نے نتائج بھی تسلیم کیے ، پی ٹی آئی کے شکست خوردہ امیدواروں میں سے صرف پانچ فیصد نے الیکشن ٹربیونلز سے رجوع کیا جن میں سے بیشتر کی عذرداریوں پر فیصلے دیئے جا چکے ہیں

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :