پاکستان ، بھارت ،بنگلہ دیش اور نیپال کے مختلف علاقوں سمیت پورے ہمالیہ ریجن میں زلزلے کے شدید جھٹکے

ہفتہ 25 اپریل 2015 14:11

اسلام آباد،کھٹمنڈو،نئی دہلی،ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) پاکستان ، بھارت ،بنگلہ دیش اور نیپال کے مختلف علاقوں سمیت پورے ہمالیہ ریجن میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے،امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابقزلزلے کا مرکزنیپال کے مشرقی شہر لامجنگ سے 35 کلو میٹر اور زمین سے گہرائی12 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ۔نیپال میں ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت7.9ریکارڈ کیا گیا۔

کئی گھنٹوں تک آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہا ،نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں درجنوں عمارتیں اور 3 دیہات مکمل طور پر زمین بوس ہو گئے جس کے نتیجے میں2 بچوں سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوگئے ، تمام زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے،ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

،نیپال میں ائیرپورٹس کو بند اور غیر ملکی پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ ملک بھر کے ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔

ملکی و غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتہ کے روز 11بج کر 10 منٹ پرنیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو اور مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ،زلزلے یہ جھٹکے پورے ہمالیہ ریجن میں محسوس کئے گئے ،بھارتی میڈیا کے مطابق کھٹمنڈو میں 9 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی ہے جس میں400 سے زائد افراد دب گئے ہیں،ریسکیو حکام نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں ہیں۔

امریکی جیولیوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت7.9 ریکارڈ کی گئی ،زلزلے کے باعث نیپال کے مختلف شہروں میں عمارتیں منہدم ہوگئیں جبکہ کھٹمنڈو میں 3 دیہات مکمل طو رپر زمین بوس ہوگئے جس سے ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ،زلزلے کے بعد لوگ شدید خوف کے مارے گھروں سے باہر آ گئے اور کھلے میدانوں کی طرف رخ کیا جبکہ سرکاری دفاتر اور سکولوں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ،لوگ موبائل فون کے ذریعے اپنے پیاروں سے رابطہ کرتے رہے،زلزلے کے بعد نیپال میں کئی گھنٹوں تک آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہا جس سے لوگوں میں شدید خوف میں مبتلا رہے۔

دوسری جانب پڑوسی ممالک پاکستان اور بھارت میں ان زلزلوں کے جھٹکے محسوس کئے گئے ،صوبائی دارالحکومت پشاور اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ،زلزلہ کے بعد لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے مکانوں اور پلازوں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے تاہم پاکستان میں زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

محکمہ موسمیا ت کے مطابق 34 منٹ بعد آفٹر شاکس کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی ۔دوسری جانب بھارت کے شمالی علاقوں میں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ،نئی دہلی،کلکتہ،لکھنو، رانچی ،جے پور ،پٹنہ اور اتر پردیش ، گوہاٹی اور مغربی بنگال کے علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔زلزلے کے بعد بھارت نے نیپال کیلئے پروازوں کو منسوخ کر دیا جبکہ میٹروٹرین سروس کو بھی مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت7.7 تھی اور زلزلے کا مرکز نیپال تھا اور گہرائی 12 میٹر تھی ۔ادھر بنگلہ دیش میں بھی ان زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے اور لوگ خوف وہراس کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے ، ڈھاکہ میں ایک فائیو سٹار ہوٹل میں پاکستانی اور بنگلہ دیشی کھلاڑی کمروں میں موجود تھے جو زلزلوں کے باعث اپنے کمروں سے باہر نکل آئے ۔

متعلقہ عنوان :