یرموک کیمپ میں فلسطینی مہاجرین کی زبوں حالی کی ذمہ دار عالمی برادری ہے،صائب عریقات

ہفتہ 25 اپریل 2015 13:37

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء)فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار اور تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صائب عریقات نے کہا ہے کہ شام میں فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپ’یرموک‘ میں فلسطینی مہاجرین کی زبوں حالی کی ذمہ دار عالمی برادری ہے۔ عالمی اداروں نے فلسطینی پناہ گزینوں کے دفاع کیلئے قابل ذکر کوششیں نہیں کی ہیں۔

رام اللہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صائب عریقات نے کہا کہ یرموک پناہ گزین کیمپ میں محصور فلسطینی پناہ گزینوں کی ذمہ داری اقوام متحدہ پر ہے۔ اقوام متحدہ ہی شام اور دوسرے ملکوں میں موجود فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل کی برہ راست جواب دہ ہے مگر عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کی کسی قسم کی مدد نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی برائے پناہ گزین ’اونروا‘ کو یرموک پناہ گزین کیمپ کے محصورین کے حوالے سے جوابدہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 1967 ء کی 6روزہ عرب ، اسرائیل جنگ کے بعد سے آج تک اسرائیل نے ہمارے شہروں پرناجائز قبضہ جما رکھا ہے۔ عالمی برادری بھی ان علاقوں پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی جہاں کہیں بھی پناہ گزین یا مہاجر کی حیثیت سے زندگی گذار رہے ہیں وہ اپنی مرضی اور خوشی سے نہیں بلکہ انہیں ایسا کرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔صائب عریقات نے اسرائیل کی جانب سے منظور کئے گئے متروکہ املاک قانون کو صہیونی ریاست کا کالا قانون قرار دیکر اس کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اس طرح کے نام نہاد قوانین کی آڑ میں فلسطینیوں کی املاک پر ڈاکہ ڈالنے کی سازش کررہا ہے۔