وزیراعلیٰ پنجاب کی ملکہ برطانیہ الزبتھ کی سالگرہ میں شرکت،برطانوی ہائی کمشنر کے ساتھ ملکر کیک کاٹا

جمعہ 24 اپریل 2015 22:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ملکہ برطانیہ الزبتھ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی اوربرطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کے ساتھ مل کر ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ سفارتکاروں،صوبائی وزراء، سیاستدانوں،دانشور اورزندگی کے مختلف شعبہ سے وابستہ ممتاز شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے ملکہ الزبتھ کی عوامی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کابڑا تجارتی پارٹنرہے۔پاکستان اوربرطانیہ کے مابین گہرے دوستانہ اورتاریخی روابط قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اورجمہوری اقدار کے فروغ میں ہمیشہ تعاون کیا ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب میں تعلیم،صحت،سکل ڈویلپمنٹ اوردیگر شعبوں میں برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔برطانیہ کا ادارہ ڈیفڈتعلیم اورصحت کے شعبہ میں اصلاحات کیلئے تعاون کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیفڈ کے اشتراک سے پنجاب میں ہزاروں نوجوانوں کو ہنر مند بنایا گیا ہے ۔برطانیہ میں کسی بھی پارٹی کی حکومت ہو پاکستان نے ہمیشہ برطانوی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کیساتھ پاکستان اوربرطانیہ کے مابین دوستی اورتعاون بڑھ رہا ہے ۔آج کی تقریب میں پاکستانی اور برطانوی شہریوں کی شرکت دوطرفہ دوستی کا واضح ثبوت ہے ۔برطانوی ہائی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اورکہاکہ برطانیہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کا خواہاں ہے اوردونوں ممالک کے مابین تجارتی اورمعاشی تعلقات موجود ہیں۔برطانیہ پنجاب کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔