پاسبان نے کراچی کو صوبہ بنانے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ، پاسبان کی تجویز پر متحدہ قومی موومنٹ کو غورکی دعوت اور تعاون کی پیشکش

جمعہ 24 اپریل 2015 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے جمعہ کے روزپاسبان سیکریٹریٹ، گلشن اقبال میں ہونے والے اہم اجلاس میں کراچی کو صوبہ بنانے کیلئے پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جو کہ شہریوں کے بے پناہ مسائل حل کرانے کیلئے کراچی کو صوبہ بنانے کے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے سرگرمی سے کام کرے گی، کمیٹی کے دیگر 2ارکان طارق چاندی والا اور جواد اقبال شیرازی ہیں ۔

کمیٹی کراچی کو صوبہ بنانے کے حوالے سے اپنی شفارشات مرتب کرے گی اور دیگر سیاسی اور سماجی حلقوں سے اس سلسلے میں مشاورت اور بات چیت کرکے عوامی بیداری مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف شکور نے کہا کہ پاسبان نے ضمنی الیکشن NA-246میں کراچی کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے سب سے پہلے صوبہ کراچی ، پاسبان کو ایک سیاسی جماعت کے طور پر متعارف کرانے اور جماعت اسلامی سے علیحدہ اپنی سیاسی شناخت ثابت کرنے کیلئے حصہ لیااس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیا کہ تینوں مقاصد حاصل کرلئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

کراچی کے شہریوں نے پاسبان کو ایک علیحدہ سیاسی و جود اور کراچی کے مسائل کے حل کیلئے ایک مضبوط آواز تسلیم کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاسبان میگا سٹی اور پورے پاکستان کی اقتصادی شہ رگ کراچی کے مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی بنیاد پر سیاست کو متعارف کرانے کا سہرا پاسبان کو جاتا ہے جس نے میگا سٹی کے حقیقی مسائل قلت آب ، لوڈ شیڈنگ ، پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی اور زبوں حالی اور امن و امان کے مسائل کے خلاف دلیری سے آواز بلند کی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی مہم کے دوران دیگر سیاسی جماعتوں نے پاسبان کی طرح شہریوں کے مسائل کو اہمیت نہیں دی ۔ پاسبان کی انتخابی مہم کراچی کی سیاست میں مثبت تبدیلی کا سبب بنے گی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیٹ اپ میں کراچی جیسے میگا سٹی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود نہیں ہے جس کیلئے کراچی کو انتظامی طور پر ایک علیحدہ صوبے کی حیثیت دینا ضروری ہے تاکہ اس خطے کے اہم ترین شہر کے وسائل کو شہر کی تعمیر و ترقی میں استعمال کرکے پاکستان کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے ۔

الطاف شکور نے امید ظاہر کی متحدہ قومی موومنٹ (MQM)شہر کے دہکتے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی کو صوبہ بنانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی جس کیلئے پاسبان پاکستان مکمل تعاون اور حمایت فراہم کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :