کنور نوید جمیل کی کامیابی سے مخالف جماعتوں کے تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ثابت ہوچکے ہیں، پیغامات

الطاف حسین اور ایم کیوایم پرجھوٹے الزامات کی بوچھاڑ کی اور اس نشست پر مخالفین نے یقینی کامیابی کے دعوے کئے

جمعہ 24 اپریل 2015 21:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے این اے 246کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ کنور نوید جمیل کی کامیابی سے مخالف جماعتوں کے تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ثابت ہوچکے ہیں اور ایم کیوایم کو ایک مرتبہ پھر اﷲ تعالیٰ نے سرخرو کیا ہے ۔

کنور نوید جمیل کی بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو او رانٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں ٹیلی فون ، فیکس ، ای میل ،ایس ایم ایس اور سوشل میڈیا پر مبارکباد کے پیغامات کا تانتا بندھ گیا ۔ مبارک دینے والوں میں علمائے کرام ، ڈاکٹر ز ، انجینئرز ، وکلاء ، سیاسی ،سماجی ، مذہبی ، صحافتی تنظیمیں ، تاجر ، صنعتکار وں سمیت ایم کیوایم کے کارکنان و حق پرست عوام کی بہت بڑی تعداد شامل ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے پیغامات میں انہوں نے کہاکہ حلقہ این اے 246کی نشست پر مخالف جماعتوں نے قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم پرجھوٹے الزامات کی بوچھاڑ کی اور اس نشست پر اپنی یقینی کامیابی کے دعوے کئے اور یہ پروپیگنڈا کیا کہ ایم کیوایم کا گراف گر چکا ہے لیکن ضمنی انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ اور اس کی رفتار کو سست روی کا شکار بنانے کیلئے اختیار کئے گئے اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود بھی ایم کیوایم کے امیدوار کنور نوید جمیل نمایاں لیڈسے کامیاب ہوئے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کو یہ عمل بند کرنا ہوگا کہ اگر عوامی حمایت ایم کیوایم کے حق میں ہے تو اسے ناجائز اور اگر ان کے حق میں ہو تو جائز قرار دیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے ہمیشہ دیگر جماعتوں کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا ہے اور ایم کیوایم چاہتی ہے کہ اس کے عوامی مینڈیٹ کو بھی دل سے تسلیم کیاجائے ۔

انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخاب میں ایم کیوایم کے امیدوار کنور نوید جمیل کی راہ میں تمام تر کانٹے بچھانے اور مخالفین کی تمام فرمائشیں پوری کی جانے کے باوجود ان کی جانب سے اس پر تحفظات کا اظہار کیا جانا عوامی مینڈیٹ کی کھلی ہے ، جو جماعتیں کراچی کے عوام کو الطاف حسین اور ایم کیوایم سے محبت کی پاداش میں شروع دن سے ہی نفرت اور تعصب کا نشانہ بنا رہی ہیں انہیں کراچی کے عوام کس طرح سے اپنے درمیان جگہ دے سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ نام نہاد سیاسی ومذہبی جماعتوں کو ضمنی انتخاب کے نتائج سے سمجھ لینا چاہئے کہ صرف پروپیگنڈے ،جھوٹے الزامات کی بنیاد اور طاقت کے زور پر پر نہ تو عوام کے ذہنوں کو متنفر کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی انہیں حق پرستانہ جدوجہد سے باز رکھاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ضمنی انتخاب میں ایم کیوایم کی کامیابی پراب ایم کیوایم مخالفین کو حقائق پر مبنی تجزیئے اور تبصرے کرنے ہوں گے ورنہ ضمنی انتخاب کے نتائج اس بات کی جانب اشارہ کررہے ہیں کہ کراچی اور اس کے حق پرست عوام اب کسی بھی ظلم ، ناانصافی اور زیادتی کا برداشت نہیں کریں گے ۔اپنے پیغامات میں انہوں نے قائد تحریک الطاف حسین کی درازی عمر ،صحت و تندرستی اور ناگہانی آفات سے بچاؤ کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں ۔