خیبر پختونخوا کے 11کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل

پاک فوج کے جوان پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر فرائض سرانجام دینگے، الیکشن کمیشن پشاور میں 275پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ کوئک رسپانس فورس بھی فرائض سرانجام دے گی پشاور: تمام ایس ایچ اوز اپنے اپنے تھانے کے حدود میں گشت کرینگے، ایس ایس پی اپریشن سکیورٹی کے نگرانی کرینگے پشاور میں 5، نوشہرہ 4 ، رسالپور 3، کوہاٹ 3، ایبٹ آباد میں 5وارڈز پر انتخابات ہونگے

جمعہ 24 اپریل 2015 21:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) ملک کے دیگر حصوں کی طرح خیبر پختونخوا کے 11کنٹونمنٹس میں آج ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔ پاک فوج کے جوان پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر فرائض سرانجام دینگے۔ صوبائی دارلحکومت پشاور کینٹ کے پانچ حلقوں کے لئے 45سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ صوبائی دارلحکومت پشاور کے 5وارڈز کے علاوہ نوشہرہ کے 4 ، رسالپور 3، چراٹ کے 2، مردان 2، کوہاٹ 3، بنوں 2، ڈی آئی خان 2، ایبٹ آباد 5، حویلیاں 2اور گلیات کالاباغ کے 2وارڈز پر بلدیاتی انتخابات کے موقع پر پاک فوج کے جوان پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات رہینگے۔

پشاور کے پانچ وارڈز پر کل 45امیدوار آمنے سامنے ہیں جہاں کل 22پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پشاور میں پاک فوج کے ساتھ ساتھ پولیس کے 275اہلکار اور کوئک رسپانس فورس کے جوان فرائض سرانجام دینگے۔ خیبر پختونخوا میں کل 32وارڈز کے لئے 117پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں مرد پولنگ سٹیشنز کی تعداد51، خواتین 49اور 17 مرد و خواتین کے مشترکہ پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

صوبے میں کل 282پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے کنٹونمنٹس میں ووٹرز کی کل تعداد ایک لاکھ سولہ ہزار ایک سو گیارہ ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد تریسٹھ ہزار پانچ سو پچپن جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد باون ہزار پانچ سو چھپن ہے۔کنٹونمنٹس میں انتخابات کے انعقاد کے لئے 112پریزائیڈنگ آفیسرزجبکہ 278, 278اسسٹنٹ پریزائیڈنگ اور پولنگ آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے تمام پریزائیڈنگ آفیسر کو 26اپریل تک کے لئے مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیئے ہیں۔