گورنمنٹ کالج گلبرگ برائے خواتین میں سے کانووکیشن کیلئے پندرہ سو روپے وصولی پرغریب طالبات میں اظہار تشویش

جمعہ 24 اپریل 2015 21:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) گورنمنٹ کالج گلبرگ برائے خواتین میں سے کانووکیشن کیلئے پندرہ سو روپے وصولی پرغریب طالبات میں اظہار تشویش پایا جارہا ہے۔ وزیر تعلیم اور وزیر اعلی پنجاب سے کانووکیشن کی وصولی روکنے کی اپیل کی ہے۔ گورنمنٹ کالج گلبرگ برائے خواتین میں کالج کی طالبات کو انتظامیہ کی جانب سے موبائل فون سے پیغام دیا جارہا ہے کہ جلد از جلد کانووکیشن2015کے لئے1500روپے ایڈمن آفس میں جمع کروائیں تاکہ کانووکیشن کی حتمی تاریخ دی جاسکے۔

(جاری ہے)

طالبات کا کہنا ہے کہ ہمارے والدین نے بڑی مشکل سے پیسے دیکر ہمیں تعلیم دلوائی ہے اس لئے ہم کانووکیشن کے1500روپے دینے سے قاصر ہیں۔ ہماری وزیر تعلیم اور وزیر اعلی پنجاب سے اپیل ہے کہ وہ ہم سے پیسے وصول کرنے والوں کو خصوصی فنڈ مہیا کریں تاکہ ہمیں اس مصیبت سے چھٹکارا مل سکے۔ گورنمنٹ کالج گلبرگ برائے خواتین کی میڈیا انچارج سمعیہ جمیل نے اپنے موقف میں کہا کہ ہمیشہ سے ایسے ہی ہوتا آیا ہے کہ کانووکیشن کے پیسے بچوں سے اکھٹے کئے جاتے ہیں مجھے پرنسپل کا موبائل نمبر دینے کی اجازت نہیں ہے اس لئے کل ان سے تفصیلی بات کرکے بتاؤں گی کہ وہ کتنے اور کیوں پیسے وصول کررہے ہیں۔