حکومت عوام کی خوشحالی اور ملکی ترقی کے لئے سر گرم عمل ہے،چوہدری تنویر

وزیر اعظم نے اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی کا اپنا وعدہ پورا کردیا ، کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جمہوری عمل کا ایک اہم حصہ ہے،کارنر میٹنگ سے خطاب

جمعہ 24 اپریل 2015 21:21

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی خوشحالی اور ملکی ترقی کے لئے سر گرم عمل ہے ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی حکومت نے اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی کا اپنا وعدہ پورا کردیا ہے اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جمہوری عمل کا ایک اہم حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر راہنما چوہدری تنویر احمد خان سینیٹر نے گذشتہ روز پاکستان مسلم لیگ(ن) منارٹی ونگ راولپنڈی ڈویژن کے زیر اہتمام چکلالہ کینٹ وارڈ نمبر 7میں منعقدہ ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے امیدوار راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ سے کلین سویپ کریں گے کیونکہ راولپنڈی مسلم لیگ (ن ) کا مضبوط قلعہ ہے اور منتخب نمائندے عوامی مسائل کے حل میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بر سر اقتدار آنے کے بعد ملک کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لئے بھر پور اقدامات اُٹھائے ہیں اور تمام عالمی برادری ، اسلامک ورلڈ اور خصوصی طور پر چائنہ سے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے معائدے کر کے اس ملک کی تقدیر بدلنے کا اپنا وعدہ بھی پورا کیا ہے ۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ(ن) منارٹی ونگ راولپنڈی ڈویژن کے صدر پرویز عزیز سہوترہ ، محمد جمیل امیدوار برائے ممبروارڈ نمبر 7چکلالہ کینٹ ، امتیاز گل تاجی ، پاسٹر پرویز سہیل ، ریورنڈٖ فادر جیکب جوزف ڈوگر ا ، کامران بھٹی ، چوہدری پریم چند اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں مسیحی اور ہندو برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :