راولپنڈی چیمبر کے وفد کا کمشنرکیپٹن (ر) زاہد سعید کے ساتھ میٹرو بس منصوبے کی سائٹ کا دورہ

ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ، مری روڈ کو 30اپریل تک ٹریفک کیلئے کلیئر کردیا جائے گا راول شاپنگ فیسٹول سے پہلے تمام روٹس کلیئر کئے جائیں گے تا کہ شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ، زاہد سعید

جمعہ 24 اپریل 2015 21:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء ) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر چیمبر سید اسد مشہدی کی قیادت میں کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) زاہد سعید کے ساتھ میٹرو بس منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا اورترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ، کمشنر زاہد سعید نے صدر چیمبر کو یقین دہانی کروائی کے مری روڈ کو 30اپریل تک ٹریفک کیلئے کلیئر کردیا جائے گا تا کہ چیمبر کے میگا ایونٹ راول شاپنگ فیسٹول سے پہلے تمام روٹس کلیئر کئے جائیں گے تا کہ شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ، راولپنڈی انتظامیہ چیمبر کے وژن کو نہ صرف سراہتی ہے بلکہ بھر پور سپورٹ بھی کرتی ہے تا کہ میٹرو بس منصوبے کے افتتاح کے ساتھ شاپنگ فیسٹول کی تقریبات شہر یوں کیلئے اچھی تفریح ثابت ہونگی۔

انہوں نے صدر چیمبر کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے اور غیر متوقع بارشوں نے کام کی رفتار میں خلل ڈالا ہے جس کی وجہ سے منصوبہ مقررہ مدت سے زیادہ طویل ثابت ہوا ہے لیکن کام کی رفتار بڑھادی گئی ہے اور جلد ہی راولپنڈی شہر کے باسی اس عظیم بس سروس سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صدر چیمبر کو راول شاپنگ فیسٹول کے دیگر انتظامات کیلئے صوبائی حکومت کے بھر پور ساتھ کا یقین دلایااس موقع پر صدر چیمبر سید اسد مشہدی نے کمشنر راولپنڈی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کی کاروباری برادری میٹرو منصوبے سے بے پناہ متاثر ہوئی ہے اور تاخیر کی وجہ سے تاجر برادری میں اضطراب بڑھا ہے ،چیمبر کی خواہش ہے کہ شہر میں ایسی سر گرمیوں کو فروغ دیا جائے جس سے کاروبارترقی کریں اور نئے کاروباری مواقع پیدا ہوں اور اسی لئے چیمبر نے راول شاپنگ فیسٹول کا اعلان کیا تا کہ ایک سال سے تباہ حال کاروباری برادری اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکے اور ایسے کسٹمرز جو میٹرو منصوبے کی وجہ سے راولپنڈی کے بازاروں میں آنا چھوڑ گئے تھے انہیں واپس لایا جائے ،فیسٹول میں بھرپور رعایتی پیکیج پیش کئے جائیں گے جس سے نہ صرف کاروباری برادری کو فائد ہ ہو گا بلکہ کسٹمرز کو بھی سستے داموں اشیاء فراہم ہونگی۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ فیسٹول کی کامیابی کیلئے تمام شاہراوں کا ٹریفک کیلئے کھلا ہونا ازحد ضروری ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ افراد شاپنگ فیسٹول میں شریک ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :