غیرملکی ٹیموں کی آمد سے بین الاقوامی سپورٹس کی سرگرمیاں ملک میں بحال ہوں گی‘رانا مشہود احمد خاں

پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول میں 42ممالک کے دو ہزار کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں،نفرتیں ختم کرکے کھیل کے میدان میں مقابلہ کریں گے ڈیف کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل رشک ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کا ڈیف ایشیاء ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب

جمعہ 24 اپریل 2015 21:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء ) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمدخان نے کہا ہے کہ پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول میں 42ممالک کے دو ہزار سے زائد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، غیرملکی ٹیموں کی پاکستان آمد سے بین الاقوامی سپورٹس کی سرگرمیاں ملک میں بحال ہو جائیں گی، نفرتیں ختم کرکے کھیل کے میدان میں مقابلہ کریں گے، سپورٹس سمیت زندگی کے ہر شعبہ میں اگلے تین برسوں میں پنجاب دنیا کو لیڈ کرتا نظر آئے گا، آج ہمارے کھلاڑی اور اتھلیٹس دنیا بھر میں جار ہے ہیں، پنجاب یوتھ فیسیٹیول میں 40لاکھ افراد نے شرکت کرکے ریکارڈ قائم کیا اب انشاء اﷲ پاکستانی قوم اپنا ریکارڈ ہی توڑے گی، بھارت، افغانستان اور سری لنکا کی ڈیف کرکٹ ٹیموں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں،ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ غیر ملکی ٹیموں کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، آج ہمارے کھلاڑی ساؤتھ ایشیا سے نکل کر ایشیا میں کھیل رہے ہیں ایک وقت آئے گا کہ وہ محنت سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پہلے ایشیاء ڈیف کرکٹ کپ میں شرکت کرنیوالی ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ دنیا گلوبل ویلیج بن چکی ہے،ایک دوسرے کو سمجھنے کا بہترین میڈیم سپورٹس اور کلچر ہوتا ہے، ہم نفرتیں ختم کرکے مقابلہ کھیل کے میدان میں کریں گے، تمام ممالک کی ٹیمیں اپنا امیج کھیل سے روشن کریں، انہوں نے کہاکہ پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول 20مئی کو شروع ہو رہا ہے جس میں 42ممالک کے دو ہزارسے زائد کھلاڑی شریک ہورہے ہیں، زمبابوے کی ٹیم بھی انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول میں شرکت کر رہی ہے اور وہ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں شریک ہو گی، غیر ملکی ٹیموں کی پاکستان آمد سے بین الاقوامی سپورٹ کی ملک میں سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔

صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حال ہی میں چین اور دنیا کے دیگر ممالک سے ہونے والے معاہدوں سے پاکستان ترقی کی شاہراہ پرگامزن ہوگا جو کھلاڑی یہاں آرہے ہیں وہ یہاں پنجاب کو دیکھ کر جائیں گے اور جب وہ تین برس بعد دوبارہ پنجاب میں آئیں گے تو وہ دیکھیں گے کہ پنجاب دنیا کو لیڈ کر رہا ہے، ان کو پنجاب میں توانائی، ٹرانسپورٹ، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں کام ہوا نظر آئے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے غیرملکی ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج یہ کھلاڑی ساؤتھ ایشیا سے نکل کر ایشیا میں کھیل رہے ہیں ایک وقت آئے گا کہ وہ محنت سے دنیا میں نام بنائیں گے، ڈیف کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل رشک ہے، پاکستان کے کھلاڑی محنت کریں ان کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ پاکستانی کھلاڑی محنت، دیانتداری کو اپنا شعار بنائیں انشاء اﷲ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔

نوجوان کھلاڑیوں کو غیرملکی ٹیموں سے کھیل کر تجربہ حاصل ہوگا جو کہ مستقبل میں ان کے کام آئے گا، ہر باصلاحیت نوجوان کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کے دروازے کھلے ہیں، وہ اپنا ٹیلنٹ دکھائیں ہم ہر طرح سے ان کو سہولت فراہم کریں گے اور بیرون ملک تربیت بھی دلائیں گے۔ظہرانے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کی ڈیف کرکٹ ٹیم کے کوچ نیتندر سنگھ نے کہا کہ پاکستان نے ڈیف کھلاڑیوں کیلئے پہلا ڈیف ایشیا ٹی 20کرکٹ کپ کا انعقاد کرکے دنیا کیلئے ایک مثال قائم کی ہے، ہم اس پر پاکستان کے مشکور بھی ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیں بہترین سکیورٹی، رہائش اور بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ہم دنیا کی دوسری ٹیموں سے کہیں گے کہ وہ ضرور پاکستان آئیں۔

افغانستان کے ٹور مینجر ڈاکٹر مسعود نے کہا کہ صوبائی وزیر رانا مشہوداحمدخان اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے جس طرح کھلاڑیوں کی مدد کی ہے انشاء اﷲ ان کی دعاؤں سے آپ لوگ زندگی کے ہر میدان میں کامیاب ہوں گے، ڈیف ایشیاکرکٹ کپ کے انعقاد سے کھلاڑیوں کے حوصلے بہت بلند ہوئے ہیں۔سری لنکا کی ٹیم کے مینجر مسٹر بابی نے کہا کہ پاکستان نے جس طرح ہماری سکیورٹی انتظام کیا ہے اس پر ان کے شکرگزار ہیں، پاکستان محبت کرنیوالوں لوگوں کا ملک ہے، پہلے بھی ہماری ٹیمیں پاکستان آتی رہیں مستقبل میں بھی آتی رہیں گی، پاکستان نے ڈیف کھلاڑیوں کیلئے ایشیاء ڈیف کرکٹ کپ کا انعقاد کرکے بہت بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے، صدر ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن ڈاکٹر عبدالسلام نے کہا کہ پاکستان میں غیرملکی ٹیمیں آئی ہیں جن کی ہمیں بہت خوشی ہوئی ہے، بہترین انتظامات پر صوبائی وزیر رانا مشہود اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے ممنون ہیں۔

تقریب کے آخر میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی طر ف صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے تمام ٹیموں کو سوینئر دیئے جبکہ پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے صوبائی وزیر رانا مشہود اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کو شیلڈز دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :