شہبازشریف سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

جمعہ 24 اپریل 2015 20:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گزشتہ روز برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے برطانوی ہائی کمشنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین دوستانہ و تجارتی تعلقات قائم ہیں اور برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے۔

برطانیہ کا تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ، امن عامہ اور دیگر شعبوں میں تعاون لائق تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈیفڈ کے تعاون سے پنجاب میں سکل ڈویلپمنٹ پروگرام پر کامیابی سے عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

ڈیفڈ کے تعاون سے صوبے میں سکول ریفارمز روڈ میپ کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں اور اسی طرح برطانیہ کے تعاون سے صحت عامہ کا بھی ایک بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی حکومت معاشی و اقتصادی شعبوں میں دوررس اصلاحات متعارف کرا رہی ہے، اسی طرح حکومت کے ٹھوس اقدامات کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں تجارتی وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔ برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔