صوبہ بھر میں موٹر وہیکل ٹیکس کے نادہندگان کیخلاف مہم 27 اپریل سے 8 مئی تک جاری رہے گی،صوبائی وزیر گیان چند سرانی

جمعہ 24 اپریل 2015 20:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء)صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ‘ خوراک ‘ جنگلات و جنگلی حیات و اقلیتی امور گیان چند اسرانی کی ہدایت پر صوبہ بھر میں موٹر وہیکل ٹیکس کے نادہندگان کے خلاف 27 اپریل سے مہم شروع کی جارہی ہے جو 8 مئی تک جاری رہے گی ۔ صوبائی وزیر نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو زحمت سے بچانے کے لئے موٹر وہیکل ٹیکس ریکوری مہم کے بارے میں اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعہ ٹیکس نادہندگان کو آگاہی دی جائے اور مہم کے دوران محکمہ کے افسران اور اہلکار عوام سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔

ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد شعیب احمد صدیقی نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیکس ریکوری مہم کے لئے کراچی میں تیرہ (13)ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور صوبہ کے ہر ضلع کے لئے ایک ٹیم بنائی گئی ہے جس کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر یا ای ٹی او (ETO) کی سطح کے افسران کریں گے ۔

(جاری ہے)

مزید براں مہم کے آغاز سے لیکر اختتام تک ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کو بھی رابطہ میں رکھا جائے گا ۔

صوبائی وزیر نے افسران کو ہدایات دیں کہ ریونیو کے ٹارگٹ کو پورا کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے جس کے حصول کے لئے محکمہ کے ہر فرد کو حصہ لینا پڑے گا ۔ صوبائی وزیر کو مزید بتایا گیا کہ گاڑیوں کے ٹیکس کی ادائیگی کی چیکنگ کے دوران ہیوی ڈیفالٹر گاڑیاں بشمول کمرشل وہیکلز کو ضبط کرلیاجائے گا جو کہ ٹیکس بمع جرمانہ کی ادائیگی کے بعد ہی واپس ملیں گی ایک یا دو کوارٹر کے ڈیفالٹرز کی گاڑیوں کے کاغذات رجسٹریشن بک بمع ڈرائیونگ لائسنس وغیرہ کی ضبطگی عمل میں لائی جائے گی جو ٹیکس ادائیگی کے بعد ہی اصل کاغذات مالکان کے حوالے کئے جائیں گے ان گاڑیوں اور کاغذات کی ضبطگی کے عمل میں مالکان کو محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے رسید دی جائے گی جو محکمہ کے پاس گاڑیوں اور کاغذات کی حوالگی کا تحریری ثبوت ہوگی ۔

صوبائی وزیر نے عوام سے کہا ہے کہ موٹر وہیکل ٹیکس ریکوری مہم کے دوران محکمہ کے افسران و اہلکاروں سے بھرپور تعاون کریں نیز گاڑیوں کی ضبطگی اور جرمانہ سے بچنے کے لئے موٹر وہیکل ٹیکس کی ادائیگی کو فی الفور عمل میں لائیں اور اگر اس مہم کے دوران عوام کو کوئی شکایت درپیش آئے تو محکمہ کے افسران سے رابطہ کرسکتے ہیں تاکہ ان کی شکایت کا بروقت ازالہ کیا جاسکے ۔