کراچی،محکمہ صحت کے انسداد ڈینگی پروگرام کا مچھروں کے انڈوں کے خاتمے کیلئے نالوں و تالابوں میں لارواکش ڈالنے کا آغاز

جمعہ 24 اپریل 2015 20:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) محکمہ صحت کے انسداد ڈینگی پروگرام نے مچھروں کے انڈوں کے خاتمے کے لئے شہر کے تمام نالوں اور تالابوں میں لارواکش ڈالنے کا آغاز کیا ہے تاکہ مچھروں کی افزائش پر قابو پایا جاسکے ۔ اس پروگرام کا آغاز اسپیشل سیکریٹری صحت ڈاکٹر خالد حسین شیخ نے نیو سندھ سیکریٹریٹ میں واقع چھوٹے تالاب میں دوا ڈال کرکیا ۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد انڈوں سے مچھر بننے تک کے عمل کے دوران کاروائی کرنا ہے تاکہ ڈینگی اور ملیریا جیسی بیماریوں کا باعث بننے والے مچھروں کا خاتمہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 2015 کے دوران 23 اپریل تک سندھ میں ڈینگی کے 212 کیس رپورٹ ہوئے جو کہ سب کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں وہ سب صحت یاب ہوچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2014 میں اس مدت کے دوران 234 کیس رپورٹ ہوئے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے 30 نجی اسپتالوں کے ساتھ ایک اجلاس بھی منعقد کیا گیا ہے تاکہ ان کے پاس آنے والے ڈینگی کے مریضوں کا ڈیٹا بروقت پروگرام کو فراہم کیاجاسکے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ شہر کے 4 نجی اسکولوں میں بھی آگاہی پروگرام منعقد کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس تمام سرگرمی کا مقصد ڈینگی کی صورتحال پر قابو پانا ہے ۔ کیونکہ اگست کے بعد اس کے بہت زیادہ مریض رپورٹ ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ نجی اسپتالوں سے اجلاس منعقد کرنے کا مقصد یہ ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والے کیسز کا جائزہ لے کر زیادہ شدت والے علاقوں میں فیومیگشن مہم چلائی جاسکے ۔

انہوں نے اس سلسلہ میں میڈیا کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے ذریعہ عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی اور ملیریا کنٹرول پروگرام باہمی اشتراک سے کام کررہے ہیں تاکہ زیادہ موثر نتائج حاصل کئے جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی مہم کے سلسلہ میں شہر کے مختلف علاقوں میں بینرز بھی لگائے جارہے ہیں ۔ اس سلسلے میں پروگرام کی جانب سے اب تک گجر نالہ ‘ جمشید ٹاؤن کے علاقوں ٹیپو سلطان روڈ‘ فائن ہاؤس سے ریلوے لائن میں یہ دوا ڈالی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :