روشن پاکستان منصوبوں کا آغاز کراچی کنٹونمنٹ بورز کے بلدیاتی انتخابات میں عوام کے بھرپور اعتماد کے ساتھ کیا جائے گا،علی اکبر گجر

پاک چین دوستی کے معاشی فائدے سندھ کے عوام سے شروع ہونگے، کراچی لاہور موٹر وے شہر قائد کے رہنے والوں کے لئے مسلم لیگ(ن) کا تاریخ ساز منصوبہ ثابت ہوگا،ترقی کے ثمرات کی یکساں تقسیم کے لئے مسلم لیگی بلدیاتی امیدواروں کی کامیابی ملک بھر میں مثبت سیاست اور خوشحالی کی نوید ثابت ہوگی، صوبائی نائب صدر مسلم لیگ(ن)

جمعہ 24 اپریل 2015 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ روشن پاکستان منصوبوں کا آغاز کراچی کنٹونمنٹ بورز کے بلدیاتی انتخابات میں عوام کے بھرپور اعتماد کے ساتھ کیا جائے گا پاک چین دوستی کے معاشی فائدے سندھ کے عوام سے شروع ہونگے ․ کراچی لاہور موٹر وے شہر قائد کے رہنے والوں کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کا تاریخ ساز منصوبہ ثابت ہوگا․ترقی کے ثمرات کی یکساں تقسیم کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے بلدیاتی امیدواروں کی کامیابی ملک بھر میں مثبت سیاست اور خوشحالی کی نوید ثابت ہوگی․ قوم آج ملک بھر میں پاکستان کو دنیا کی پہلی مسلم ایٹمی قوت بنانے والے عظیم مدبر رہنما میاں محمد نواز شریف کے نامز د امیدواروں کا ساتھ دیکر پاکستان مسلم لیگ(ن) کی تاریخ ساز پالیسیوں پر اعتماد کا اعادہ کرے گی․ پاکستان کے عوام نے گذشتہ دو سالوں میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی کارکردگی کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ ملک کی بقا اور سلامتی کی واحد امید پاکستان مسلم لیگ(ن) کو ملک بھر کے بلدیاتی اداروں میں بھی خدمت کا موقع دیا جائے․ آ ج ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں ووٹر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دے کر روشن پاکستان کے سفر کا آغاز کریں گے․ کراچی کے فیصل کنٹونمنٹ سے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے نامزد کردہ امیدوار علی عاشق، محمد فاضل عباسی، احمد علی خان، فصیح الرحمن ا ور بشیر احمد بھٹی فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے ووٹرز کی بھرپور حمائت کے ساتھ کنٹونمنٹ بورڈ کے ارکان بننے میں کامیاب ہونگے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے مزید کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخاب قوم کے تابناک مستقبل کی طرف پہلا قدم ہیں اور ملک بھر میں بلدیاتی انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ(ن) کے انتخابی ایجنڈے کو تیزی کے ساتھ مکمل کیا جائیگا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک میں خدمت اور حب الوطنی کا نیا کلچر متعارف کروانے جا رہی ہے جہاں ہر پاکستانی کا ملک کے وسائل پر برابر کا حق ہوگا اور ہر شہری کی بلاتفریق رنگ، نسل و مذہب و زبان حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہوگی․ قوم دیکھے گی کہ آنے والے تین سال پاکستانی قوم کی ترقی و عروج کے انتہائی یادگار سال ثابت ہونگے۔