پاک بحریہ کے سالانہ سیفٹی ریویو برائے سال 2014ء کا انعقاد ،نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ مہمان خصوصی تھے

جمعہ 24 اپریل 2015 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) پاک بحریہ کاسالانہ سیفٹی ریویو برائے سال 2014ء بحریہ جمعہ کے روز یہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ اس موقع پرمہمان خصوصی تھے۔سیفٹی ریویوکامقصد پاک بحریہ کے مختلف یونٹس اوراسٹیبلشمنٹس میں مجموعی طورپر سیفٹی کے معیار کوپرکھنااورپاک بحریہ کے افراد میں سیفٹی کے رجحان کومزید تقویت دینا ہے۔

سیفٹی ریویوکے باقاعدہ انعقاد کی بدولت پاک بحریہ میں سیفٹی کلچر کونمایاں فروغ حاصل ہواہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ نے پاک بحریہ میں سیفٹی کلچر کو نمایاں فروغ اوراس میں لائی جانے والی مثبت تبدیلیوں پراپنے اطمینان کااظہار کیا۔انہوں نے اس حقیقت کااظہار بھی کیا کہ ہم ایک ترقی پذیر ملک ہیں اورقوم اپنے وسائل کاقابل ذکر حصہ بحری دفاع پرخرچ کررہی ہے اورہمیں اپنی ذمہ داریوں کی بطریق احسن انجام دہی کے لیے جدید سازوسامان مہیاکررہی ہے۔

(جاری ہے)

لہذا ہم کسی بھی سطح پر سیفٹی کے اصولوں سے لاعلمی کے سبب قیمتی جانوں ،بیش قیمت اثاثہ جات اورآلات کے نقصان کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔اس حقیقت کے پیش نظر ہم پریہ لازم ہے کہ ہم اپنے دفاعی اثاثوں کی برپورانداز میں حفاظت کریں۔مہمان خصوصی نے کہا کہ سیفٹی کاعمل اس بات کامتقاضی ہے کہ سمندری آپریشنز کے لئے افراد کی تربیت ،مروجہ طریقہ پرعمل اور آمد کواپنا نے اورجان ومال کے نقصان سے بچاؤکے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ واقعات کابھرپور تجزیہ بلاشبہ زمانہ جنگ اورامن دونوں میں کامیابی کاضامن ہے۔ ایڈمرل ذکاء اﷲ نے زوردیتے ہوئے کہا کہ ہمیں شفاف اور بے باک کلچر کے قیام کے لیے کام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے مید ظاہر کی کہ سیفٹی ریویو کے دوران حاصل ہونے والے تجربات سے ایساماحول فروغ پائے گا جس میں ہمارے بحری آپریشنز پہلے سے زیادہ محفوظ ہونگے۔

قبل ازیں اپنے ابتدائی کلمات میں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے کہا کہ سال 2014ء مشکل آپریشنز ،دیکھ بھال اورانتظامی سرگرمیوں کاسال تھا جن میں لائیوویپن فائرنگ ،پاک فضائیہ ،متحدہ عرب امارات اورروسی بحری افواج کے ساتھ مشترکہ مشقیں ،بیرون ملک تعیناتیاں اورخصوصی مشقتیں چند قابل ذکر سرگرمیاں تھیں جن کے دوران افراد قوت اورحربی سازوسامان کی انتہائی حد تک آزمائش ہوئی۔تقریب کے اختتام پرمہمان خصوصی نے جیتنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اورانہیں مبارک باد پیش کی۔