’’پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب‘‘ ترقی بذریعہ تعلیم اور خوشحال سماج کی کلید ہے‘ انجینئر قمرالسلام راجہ

پنجاب کا ہر بچہ سکول جائے گا تو اس روز غربت وجہالت کو ہمیشہ کے لئے شکست ہو جائے گی‘چیئرمین پنجاب ایجو کیشن

جمعہ 24 اپریل 2015 20:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء ) چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمرالسلام راجہ نے کہا ہے کہ ’’پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب‘‘ ترقی بذریعہ تعلیم اورخوشحال سماج کی کلید ہے۔ جب پنجاب کا ہر بچہ سکول جائے گا تو اس روز غربت وجہالت کو ہمیشہ کے لئے شکست ہو جائے گی اور یہ ہماری سب سے بڑی فتح ہو گی۔ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام’’ تعلیم میں چیلنجزومواقع‘‘کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمرالسلام راجہ نے کہا کہ تعلیم کا ایک بڑا مقصد بچوں میں تخلیقی اظہار کی بڑھوتری بھی ہونا چاہیے تاکہ بچہ ایک تعلیم یافتہ انسان کے طور پر ملکی مسائل کے حل میں اپنا مفید کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا نے تعلیم کو بنیاد بنا کر مضبوط اقتصادی ترقی کی جو دنیا کے لئے روشن مثال ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے حکومت پنجاب نے ایجوکیشن روڈ میپ پروگرام کے ذریعے مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے۔یہ پروگرام پوری قوم کے مستقبل کو سنوارے گا جس سے پاکستان بھر کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ فعال نجی ادارے فروغ تعلیم میں حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ یہ ایک قومی تحریک ہے۔

پیف چیئرمین نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے نجی شعبے کو فروغ تعلیم میں براہ راست شامل کیا گیا ہے۔ اس پروگرام سے نجی شعبے کا مفید کردار بڑھا ہے۔اس سے تربیت اساتذہ کے کام کو بھی آگے بڑھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹنر سکولوں اور تربیت اساتذہ سے منسلک اداروں سمیت تمام شعبوں میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا۔اسی طرح ادارہ جاتی اہداف کے حصول میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیف نے چائلڈ فرینڈلی سکولنگ کے ذریعے طالب علموں کو حصول علم کی جانب راغب کیا ہے۔اسی طرح ان طالب علموں کے کردار سازی کی جانب بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔تقریب سے غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر محمود جعفری نے بھی خطاب کیا اور ادارے کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :