سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام طارق محبوب کی سرکاری حراست میں المناک موت کے خلاف ملک گیر ’’یوم مذمت ‘‘ منایا گیا

جمعہ 24 اپریل 2015 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء ) سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام طارق محبوب کی سرکاری حراست میں المناک موت کے خلاف ملک گیر ’’یوم مذمت ‘‘ منایا گیا اور علمائے اہلسنّت نے سنی اتحاد کونسل کے رہنما طارق محبوب کے پر اسرار قتل کو خطبات جمعہ کا موضوع بنایا ۔جمعہ کے اجتماعات میں طارق محبوب کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف مذمتی قرار دادیں بھی منظور کی گئیں اس سلسلہ میں نماز جمعہ کے بعد طارق محبوب کے ایصال ثواب کیلئے قر آن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا اور ان کی دینی و سماجی خدمات کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا گیا ۔

صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی طارق محبوب کے قتل کی شفاف تحقیقات کو جلد قوم کے سامنے پیش کرے۔

(جاری ہے)

طارق محبوب کا دوران حراست ماورائے عدالت قتل آئین و قانون کے منافی ہے۔طارق محبوب کے سفاکانہ قتل نے کراچی آپریشن پر بہت بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔دوران حراست بد ترین تشدد طارق محبوب کی موت کا سبب بنا ۔

ان کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے۔ہم ریاستی اداروں سے انصاف طلب کرتے ہیں ۔طارق محبو ب کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے حقیقی وفاداروں کو لاشوں کے تحفے دینے کا سلسلہ بند ہو ناچاہیئے۔

طارق محبو ب امن پسند اور محب وطن قومی رہنما تھے۔ ان کا دامن کسی بھی طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک تھا۔ طارق محبوب پر لگائے گئے الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔یوم مذمت کے موقع پر گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی ، کوئٹہ میں مولانا وزیر القادری ، پشاور میں علامہ فضل جمیل رضوی ، سمندری میں علامہ پیر حامد سرفراز ، فیصل آباد میں صاحبزادہ حسن رضا ، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا ، منڈی بہاؤ الدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی ، واہ کینٹ میں سید جو اد الحسن کاظمی ، چنیو ٹ میں مولانا سیف سیالوی نے اجتماعات سے خطاب کیا ۔