گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا 13 واں کانووکیشن

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور 151 سال سے تعلیمی میدان میں ناقابل فراموش خدمات سرانجام دے رہی ہے جی سی یو کے کالا شاہ کاکو کیمپس کے لئے وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے 2.3 ارب روپیہ فراہم کر دیا گیا ہے‘رانا مشہود احمد خاں جی سی یو نے ملک کو ہمیشہ قیادت دی ،وزیر اعظم پاکستان ، آرمی چیف اور وزیر اعلی پنجاب بھی جی سی یو کے سابقہ طالب علم ہیں‘ وائس چانسلر

جمعہ 24 اپریل 2015 19:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء ) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں او رانہیں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے حکومت پنجاب تمام وسائل مہیا کر رہی ہے ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور 151 سال سے تعلیمی میدان میں ناقابل فراموش خدمات سرانجام دے رہی ہے ، جی سی یو جیسے ادارے پاکستان کا فخر ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی سی یو لاہور کے 13 ویں کانو وکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا - اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خلیق الرحمن ،اساتذہ ، طلبااور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی - وزیر تعلیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں روشن اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ حکومت جی سی یو میں جگہ کی کمی کے حوالے سے آگاہ ہے اور اس مقصد کے لئے400 ایکڑ پر محیط کالا شاہ کاکو کیمپس کو وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے 2.3 ارب روپے فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ وزیر اعظم پاکستان نے بھی ایک ارب روپے دینے کا اعلان کیا ہے - انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ جی سی یو نے تمام مشکلات کے باوجود تحقیق اور تدریس کے میدان میں ہمیشہ ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے اور پاکستان کو ہر میدان میں قیادت فراہم کی ہے - بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ اکنامک کوریڈور منصوبے کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی - اس منصوبے کو کالا باغ ڈیم نہیں بننے دیں گے - انہوں نے کراچی میں ضمنی انتخاب جیتنے پر ایم کیو ایم کو مبارکباد دی -انہوں نے کہا کہ کراچی کے ضمنی الیکشن میں اس لئے امیدوار سامنے نہیں لائے تاکہ یہ الزام نہ لگے کے مسلم لیگ (ن) کراچی آپریشن کا فائدہ اٹھا رہی ہے - کراچی پاکستان کا معاشی دارالحکومت ہے اور اس میں امن واپس لانے کا کریڈٹ وزیر اعظم نواز شریف کو جاتا ہے - 14 اگست سے کراچی میں تنظیم سازی اور سیاسی سرگرمیوں کا بھر پور آغاز کر رہے ہیں - وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیق الرحمن کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی مقبولیت کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ سال 4 ہزار سیٹوں کے لئے 34 ہزار طلبہ نے درخواستیں دیں - انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے پاکستان کو ہمیشہ ہر میدان میں قیادت فراہم کی ہے - وزیر اعظم پاکستان نواز شریف ، آرمی چیف چیف جنرل راحیل شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف بھی جی سی یو کے سابقہ طالب علم ہیں -