صرف اس وجہ سے گھر کی کمیٹیوں کے پیسے خرچ کرتا رہا کہیں بجلی ‘ ٹیلیفون منقطع ہونے سے پیپلز پارٹی کی عزت نیلام نہ ہو جائے ‘ اقبال سیالوی

منظور وٹو نے میرے معاملے پر اپنی بنائی گئی تین رکنی کمیٹی کی سفارشات ماننے سے انکار کر دیا،انصاف نہ ملا تو خود سوزی کر لوں گا اقبال سیالوی نے واقعی اپنی جیب سے اخراجات کئے ، واجبات کی ادائیگی کیلئے پارٹی فنڈ میں رقم موجود ہے ‘ فنانس سیکرٹری اورنگزیب برکی

جمعہ 24 اپریل 2015 19:58

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و دیرینہ کارکن اقبال سیالوی نے کہا ہے کہ پارٹی کی عزت بچانے کی خاطر گھر میں ڈالی گئی کمیٹیوں کے پیسے لا کر صوبائی سیکرٹریٹ میں خرچ کر ڈالے ، پنجاب کے صدر منظور وٹو نے میرے واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر بنائی گئی اپنی تین رکنی کمیٹی کی سفارشات کو یہ کہتے ہوئے جھٹلا دیا کہ کونسی کمیٹی ،کیسا فیصلہ اور میں نے کیسے واجبات ادا کرنے ہیں،واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اگر انصاف نہ ملا تو خود سوزی کر لوں گا ۔

گزشتہ روز ’’ اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے اقبال سیالوی نے کہا کہ منظور وٹو نے پنجاب کی صدارت سنبھالنے کے بعد کہا کہ ہمارے پاس ابھی فنڈز نہیں ہیں ،انکی صاحبزادی کے سیکرٹریٹ کا دورہ کرنے پر اوکاڑہ سے آنے والے انکے درجنوں افراد کے لئے میں نے اپنی جیب سے انتظامات کئے ۔

(جاری ہے)

سات ماہ تک سیکرٹریٹ کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی ،صرف اس وجہ سے گھر میں ڈالی گئی کمیٹیوں کے پیسے لا کر خرچ کرتا رہا کہ کہیں بجلی کا میٹر اور ٹیلیفون کے منقطع ہوجانے سے پارٹی کی عزت نیلام نہ ہو جائے لیکن مجھے آج اس کا یہ صلہ دیا جارہا ہے ۔

جن لوگوں نے میرے گھر والوں سے رقم لینی ہے وہ گھر کا دروازہ توڑ رہے ہیں۔اقبال سیالوی نے بتایا کہ منظور وٹو نے میرے واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر تنویر اشرف کائرہ‘ اورنگزیب برکی اور منظور مانیکا پر مشتمل تین رکنی کمیٹی بنائی جس نے سارے حساب کتاب کی جانچ پڑتا ل کی اور 5لاکھ 12ہزار روپے واجبات نکلے لیکن مجھے کہا گیا کہ آپ 3لاکھ97ہزار لے لیں جس پر میں راضی ہو گیا لیکن جب کمیٹی نے منظور وٹو سے رقم دینے کی سفارش کی تو انہوں نے کہا کہ کونسی کمیٹی، کیسا فیصلہ اور میں نے کس مد میں واجبات دینے ہیں جس پر کمیٹی کے لوگ بھی حیران رہ گئے ۔

اقبال سیالوی نے کہا کہ اگرمجھے انصاف نہ ملا تو میں خود سوزی کر لوں گا اور ا س سے یہ ضرور بتاؤں گا اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہو گی ۔ اس حوالے سے جب پنجاب کے فنانس سیکرٹری اورنگزیب برکی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس معاملے کے بعد پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو سے رابطہ ہوا ہے اور انہیں کہا ہے کہ اقبال سیالوی غریب اور ہمارا دیرینہ کارکن ہے اور اس نے واقعی اپنی جیب سے اخراجات کئے ہیں ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پارٹی کے فنڈز میں اتنے پیسے موجود ہیں جس سے اقبال سیالوی کے واجبات کی ادائیگی ہو سکے لیکن میں از خود ادائیگی نہیں کر سکتااس کے لئے پارٹی صدر کی منظوری ضروری ہے۔یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن اقبال سیالوی نے اپنے لاکھوں روپے کے واجبات نہ ملنے پر جمعرات کے روز لاہور پریس کلب کے سامنے خود سوزی کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :