کنٹونمنٹ بورڈز بلدیاتی انتخابات کیلئے بنائے گئے 1225 پولنگ اسٹیشنز میں سے 310 انتہائی حساس قرار

جمعہ 24 اپریل 2015 19:56

اسلام آباد/لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء ) الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں آ ( ہفتہ ) کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کیلئے بنائے گئے 310 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 785 کو نارمل قرار دیدیا۔الیکشن کمیشن نے ملک بھرمیں آج ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں 1225 پولنگ اسٹیشنز میں سے 310 کو انتہائی حساس جبکہ 785 کونارمل قراردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں 1151 امیدوارحصہ لے رہے ہیں جس میں سے18سیاسی جماعتوں کے 541 امیدوارپارٹی ٹکٹ پرجبکہ 610 آزاد حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔ تحریک انصاف نے سب سے زیادہ ایک سو تینتیس امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ (ن) لیگ ایک سو اٹھائیس کے ساتھ دوسرے اور پیپلز پارٹی نواسی امیدواروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، ایم کیو ایم اور عوامی تحریک کے ستائیس ، ستائیس امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں چودہ امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جن میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے دو، دو، مسلم لیگ (ن) کا ایک اور نو آزاد امیدوار شامل ہیں۔ پنجاب میں20، سندھ میں 8، خیبرپختونخواہ میں 11 جبکہ بلوچستان میں 4 کینٹ بورڈ ہیں۔ ملک بھر کے14کینٹ بورڈز میں10، 10 وارڈز ہیں جن میں راولپنڈی، چکلالہ، واہ کینٹ، لاہورکینٹ، والٹن، سرگودھا، گوجرانوالہ، ملتان، بہاول پور، پنوعاقل، حیدر آباد اور فیصل آباد شامل ہیں۔

اوکاڑہ، سیالکوٹ، کوئٹہ، پشاور، ایبٹ آباد میں 5، 5 ، نوشہرہ میں 4، کراچی، ملیر، رسالپورکوہاٹ میں 3 ،3 جبکہ ٹیکسلا، مری، اٹک، سنجوال، کامرہ، جہلم، منگلا، کھاریاں، منوڑا، ژوب، لورالائی، کورنگی، چراٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، حویلیاں اور مری گلاز میں2،2 کنٹونمنٹ بورڈ و وارڈز ہیں ۔کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے موقع پر پولیس کے 5 ہزارجوان تعینات ہونگے جب کہ پٹرولنگ پولیس اورایلیٹ فورس کے جوان انتخابی حلقوں میں گشت کریں گے، حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج کے جوان بھی تعینات ہوں گے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے حساس پولنگ اسٹیشنز کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

ملک میں سترہ سال بعد کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کل ہونگے۔ ایک سو ننانوے وارڈز میں ایک ہزار ایک سو اکیاون امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ اٹھارہ لاکھ چھہتر ہزار ووٹر اپنے نمائندے منتخب کریں گے۔

متعلقہ عنوان :