آصف علی زرداری کا ملک احمد سعید اعوان کی وفات پر تعزیت کا اظہار

احمد سعید اعوان بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے پیپلز پارٹی سے منسلک تھے

جمعہ 24 اپریل 2015 19:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے ملک احمد سعید اعوان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ احمد سعید اعوان کی وفات جمعرات کو فیصل آباد میں ہوئی اور انہیں بھکر میں ان کے آبائی قبرستان میں دفن کیا گیا۔ احمد سعید اعوان بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے پاکستان پیپلز پارٹی سے منسلک تھے۔

بحالی جمہوریت کی تحریک کے دوران انہیں جہلم جیل میں قید رکھا گیا اور جنرل ضیا کے تاریک دور میں انہیں دس کوڑوں کی سزا بھی ہوئی۔ وہ تمام ظلم و زیادتی کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ وفادار رہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے پہلے دورِ حکومت (1988-90)میں وہ وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات کے عہدے پر فائز رہے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دوسرے دوسرے حکومت میں انہیں لاہور ہائی کورٹ کا جج بنایا گیا۔

(جاری ہے)

وہ 1977ء سے لے کر 1988ء تک فیصل آباد ڈویژن کے پارٹی کے صدر رہے اور پنجاب پیپلز پارٹی کے نائب صدر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ انہیں احمد سعید کی وفات کی خبر سن کر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا ہے۔ انہیں ان کے ساتھی اور پارٹی کے اراکین ایک وفادار پارٹی ورکر اور جمہوریت کے لئے جدوجہد کرنے والے کارکن کی حیثیت سے یاد رکھیں گے۔ انہوں نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب اور غمزدہ خاندان کے لئے صبرجمیل کی دعا بھی کی۔