Live Updates

وزیر اعلیٰ شہباز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکی مردان آمد، اعظم خان ہوتی کے انتقال پر اظہارتعزیت

وزیراعلیٰ پنجاب اوروفاقی وزیرداخلہ کی مرحوم کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اورسیاسی خدمات پر خراج عقیدت

جمعہ 24 اپریل 2015 19:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اورگورنرخیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان مردان میں ہوتی ہاؤس گئے اورعوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء اعظم خان ہوتی کے انتقال پر ان کے صاحبزادے امیر حیدر ہوتی سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب ،وفاقی وزیر داخلہ اورگورنر خیبر پختونخوا نے اعظم خان ہوتی مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اورمرحوم کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

وزیراعلیٰ ،وفاقی وزیر داخلہ اور گورنر خیبر پختونخوا نے مرحوم اعظم خان ہوتی کے انتقال پر سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے صدر کا حالیہ دورہ پاکستان تاریخی تھاجس میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے روٹ میں کو ئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

چین کے تعاون سے بجلی پیدا کرنے کیلئے چاروں صوبوں میں منصوبے شروع کیے جارہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ہر وقت سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔سعودی عرب پاکستان کاانتہائی قریبی دوست ملک ہے اوردونوں ملکوں کے عوام محبت اوربھائی چارے کی لڑی میں پروے ہوئے ہیں۔قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اوروفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گورنر ہاؤس پشاور میں گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فاٹاکے حالات ، آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج اور ملک کی مجموعی صورتحال پر گفتگوکی گئی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات