جماعت اسلامی غریبوں کی ہمدرد اور مظلوم عوام کی آواز ہے‘میاں مقصوداحمد

کرپشن ہمارے فرسودہ نظام کا حصہ بنی ہوئی ہے ‘امیرجماعت اسلامی لاہور

جمعہ 24 اپریل 2015 19:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء ) امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی غریبوں کی ہمدرد اور مظلوم عوام کی آواز ہے ، ہم انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں کیونکہ یہ ہمارے دین کا حصہ ہے اور آج کی عوامی حکومت کے دعویداروں نے غریبوں کے لیے کچھ نہیں کیا بلکہ جھوٹے وعدے اور دعووں سے ہی کام چلا رہے ہیں جبکہ غریب عوام کے پاس کھانے کے لیے دو وقت کی روٹی ہی سب سے بڑا چیلنج ثابت ہو رہی ہے ہمارے حکمرانوں نے عوام کو مسائل کی دلد ل میں دھکیل دیا ہے ،بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی عذاب بنا دی ہے حکمرانوں نے عوام سے کیے گئے وعدے فراموش کرد ئیے ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کرپشن ہمارے فرسودہ نظام کا حصہ بنی ہوئی ہے آج ہمارے معاشرے کی غریب عوام کے بچے کرپشن کے سبب تعلیم ، صحت اور بہتر غذا سے محروم ہیں غریب عوام کے بچے بہت ہی مفلسی میں پلتے ہیں اور بہت سے بچے تو تعلیم ہی حاصل نہیں کرپاتے اور جو تھوڑی بہت تعلیم حاصل کر لیتے ہیں انھیں آسانی سے ملازمت نہیں ملتی اور انھیں ملازمت کے حصول کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑتی ہیں اور بمشکل ایسی ملازمت حاصل کرپاتے ہیں جس میں وہ اپنے گھر کا نظام زندگی پورا کر سکیں بچوں کی اعلیٰ معیاری زندگی اور تعلیم سے آراستہ کروانا تو دور کی بات ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے غریب اور مظلوم کی آواز کو بلند کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس فرسودہ نظام کو بدلنے کے لیے عوام کو جماعت اسلامی کی بہترین قیادت کو آگے لانا ہوگا تاکہ ہمارے نظام میں مثبت تبدیلی آسکے اور اسلامی نظام قائم ہو جس میں سب کے حقوق برابر ہوں گے اور سب کے لیے ایک ہی قانون ہو گا چاہیے وہ غریب ہو یا امیر۔

متعلقہ عنوان :