جیکب آباد انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی او پی ڈی او ر ایمرجنسی وارڈ 10مئی تک عوام کے لیے شروع کردیں گے، جمس کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر رٹائرڈ ڈاکٹر محمد زبیر شیخ

جمعہ 24 اپریل 2015 18:41

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء)جیکب آباد انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی او پی ڈی او ر ایمرجنسی وارڈ 10مئی تک عوام کے لیے شروع کردیں گے ،باقاعدہ افتتاح جب ہوگا تب ادارہ مکمل فعال کرسکیں گے۔ ان خیالات کااظہار جمس کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر رٹائرڈ ڈاکٹر محمد زبیر شیخ نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صحافیوں خاوند بخش بھٹی ،عبدالرحمن آفریدی اور وکی وادھوانی سے گفتگو کے دوران کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد بخش جکھرانی ڈاکٹر ہاشم قریشی بھی موجود تھے ڈائریکٹر جمس ڈاکٹر زبیر شیخ نے بتایا کہ ہم ہم یو ایس ایڈ کے مشکور ہیں جنہوں نے جیکب آبادکی عوام کو صحت کا بہترین ادارہ تحفے میں دیا۔ انہوں نے بتایا کہ جمس کے تعمیراتی کام میں کچھ تکینیکی فالٹ ہیں جس کے متعلق متعلقہ حکام کو آگاہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جمس کا ایڈمنسٹریشن بلاک فرنٹ پر ہونا چاہیے تھا جو کہ بالکل اندر بنایا گیاہے ایکسرے روم اتنا چھوٹاہے کہ مشین نہیں لگاسکتے جمس کے برآمدے میں لگائی گئی ٹائیلز غیر معیاری ہے جبکہ جمس میں پرائیویٹ وارڈ بھی نہیں بنائے گئے تعمیر کیے گئے رہائشی فلیٹس میں ڈائریکٹر کا فلیٹ نہیں ہے ادارے میں ابھی گیس پانی اوربجلی کی ضرورت ہے جس کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جمس کی سیکورٹی تھرڈ پارٹی کو دی ہے ادارے میں جو ڈاکٹر بھرتی کیے ہیں وہ ایف سی پی ایس کی ڈگری رکھتے ہیں بھرتی کیے گئے ڈاکٹروں سے چھ ما ہ کا کنٹریکٹ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سول ہسپتال ہماری ونگ ہے جمس کو فعال کرنے کے بعد سول ہسپتال کو شہر کا فئملی ہسپتال بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ جیکب آباد کی عوام کا اپنا ہسپتال ہے اس ادارے کی خوبصورت عمارت کا خیال اپنے بچے کی طرح رکھیں عملے سے تعاون کریں اگر کسی سے شکایت ہو تو الجھنے کے بجائے مجھ سے رابطہ کریں ایسا نہ ہو کہ ماہر ڈاکٹر اور عملہ خفا ہوکر یہاں سے چلا جائے۔

انہوں نے کہاکہ جمس نو اسموکنگ زون ہے گٹکا پان کھانے پر پابندی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاؤ کی ڈائریکٹری چھوڑ کر آیا ہوں جیکب آباد میرا آبائی شہر ہے میرے والد جیکب آبا د سے تعلق رکھتے ہیں میں نے میٹرک جیکب آباد سے کی ہے کوشش ہوگی ادارے کو بہتر سے بہتر بنا سکوں اس ادارے کو بدنام نہیں ہونے دوں گا کیونکہ اس کی بدنامی نہ صرف میرے نام کے ساتھ لگے ہوئے برگیڈیئر یعنی آرمی کی بدنامی ہوگی وہ دن میرا اس ادارے میں آخری ہوگا۔انہوں نے کہاکہ بنا فنڈز کے کے کام کررہا ہوں 5ماہ ہوگئے ہیں تنخواہ نہیں ملی اورنہ ہی گاڑی دی گئی ہے نہ رہائش۔ انہوں نے کہاکہ جولائی میں جمس کے دیگر عملے کی بھرتی کے لیے اشتہار دیا جائے جمس میں 700کا اسٹاف کام کرے گا ابھی صرف 28کا عملہ ہے ۔