ایف سی بلوچستان کی گواک میں کارروائی ،پبلک ٹرانسپورٹ کے روٹ پر نصب آئی ای ڈی بر آمد ، ناکارہ بنا دیا

کارروائی کے دوران شرپسندوں کیساتھ فائرنگ کا تبادلہ، 2شرپسند زخمی،بھاری تعداد میں خود کار ہتھیار بر آمدکیا گیا ہے، ترجمان ایف سی

جمعہ 24 اپریل 2015 18:27

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء ) فرنٹیئرکوربلوچستان نے مند کے علاقے گواک میں کارروائی کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ کی روٹ پر نصب آئی ای ڈی کو بر آمد کرکے ناکارہ بنا دیا۔کارروائی کے دوران شرپسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2شرپسند زخمی ہو گئے اور بھاری تعداد میں خود کار ہتھیار بھی بر آمد کر لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق مند کے علاقے گواک میں فرنٹیئرکور بلوچستان کی پٹرولنگ پارٹی نے معمول کے گشت کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ کے روٹ پر نصب آئی ای ڈی کو بر آمد کر کے ناکارہ بنا دیا اس دوران شرپسندوں نے فرنٹیئر کور بلوچستان کی پٹرولنگ پارٹی پرفائرنگ بھی کی۔

فرنٹیئر کور کے جوانوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2شرپسندوں کو زخمی کر کے بھاری تعداد میں خودکار ہتھیار بر آمد کرکے قبضے میں لے لیا ۔

(جاری ہے)

شرپسندوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے ہتھیار میں 01عدد تھری ناٹ تھری رائفل،01عددراکٹ(3فٹ( 02عددایس ایم جیزبمعہ راؤنڈز،01عددآئی ای ڈی اور موٹر سائیکل شامل ہے۔واضح رہے کہ مذکورہ شرپسندوں نے تخریبی کارروائی کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے روٹ پر آئی ای ڈی نصب کی تھی جس پر ایف سی نے بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شرپسندوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

آئی جی ایف سی میجرجنرل شیر افگن نے فرنٹیئر کور بلوچستان کی کامیاب کا رروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور بلوچستان کو ایک پرامن اور مثالی صوبہ بنانے کیلئے کوئی کسر روا نہیں رکھی جائے گی۔