ایپکا کے ملازمین کو خودکشیوں پر مجبور نہ کیا جائے‘کامران سیف

چوہدری پرویز الٰہی دور کے ترقیاتی کاموں کو عوام آج بھی یاد کرتے ہیں

جمعہ 24 اپریل 2015 18:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ موجود حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے ہر طبقہ سڑ کوں پر آگیا ہے،ایپکا کے ملازمین کا مطالبات نہ ماننے پرپنجاب اسمبلی کاگھیراؤ کا اعلان حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے،کلرکوں کے احتجاج کی وجہ سے دفاتر میں آنے واے سائل بھی خوا ر ہورہے ہیں۔

میاں کامران سیف نے کہا کہ ایپکا کے سرکاری ملازمین کو خودکشیوں پر مجبور نہ کیا جائے حکومت ہوش کے ناخن لے اورکلرکوں کے جائر مطالبات کو فی الفور تسلیم کرے ۔انہوں نے کہا کہ صرف خادم اعلی کہلوانے سے کوئی خادم نہیں بن جاتا ہے۔خدمت کرکے دکھانی پڑتی ہے۔کلرکوں کی مشکلات دن بہ دن اضافہ ہوچکا ہے وہ اپنے مطالبہ کے لیے سڑکوں پر آتے ہیں تو ان کا لاٹھی چارج سے استقبال کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

آج ہر طبقہ فکر اپنے مطالبہ کیلئے سڑکوں پر ہے یہی وجہ ہے کہ عوام چوہدری پرویز الٰہی کا دور واپس لانا چاہتے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ آج بھی عوام میں مقبول جماعت ہے ،موجودہ حکومت کی مقبولیت کا گراف گر رہا ہے۔میاں کامران سیف نے کہاہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کا دور حکومت پنجاب کی ترقی و خوشحالی کا دور تھا جس میں ہر طبقہ فکر خوشحال اور مطمئین زندگی بسر کر رہا تھا ۔