یمن کے مسئلہ پر بعض قوتیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں شیعہ سنی مسئلہ پیدا کرنا چاہتی ہیں جسے ماضی میں کامیاب ہونے دیا نہ آئندہ ہونے دینگے

ارض حرمین الشریفین اور امت مسلمہ کا دفاع باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہے‘حافظ طاہر محمود اشرفی ،،مولانا ڈاکٹراحمد علی سراج ،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا ایوب صفدر،قاری خلیل احمد سراج،مولانا طارق محمود مدنی،مفتی وحید احمد ،مولانا عبد الحمید صابری و دیگر کا خطاب

جمعہ 24 اپریل 2015 18:24

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء ) ارض حرمین الشریفین اور امت مسلمہ کا دفاع باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہے،یمن کے مسئلہ پر بعض قوتیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں شیعہ سنی مسئلہ پیدا کرنا چاہتی ہیں ، ارض حرمین پر حملہ کی دھمکیاں کسی ایک مکتبہ فکر کیخلاف نہیں پوری ملت اسلامیہ کیخلاف ہے ، پاکستان میں شیعہ سنی تنازعہ پیدا کرنے کی کوششوں کو نہ ماضی میں کامیاب ہونے دیا ہے نہ آئندہ ہونے دیں گے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے زیر اہتمام ملک بھر کے جید علماء کرام ،مفتیان کرام ،سیاسی و مذہبی قائدین اور دینی مدارس کے مہتمم حضرات نے ایک عظیم الشان ’’علماء کنونشن ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کنونشن کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ ارض حرمین الشریفین کی ناموس اور مملکت سعودی عرب کے تحفظ اور دفاع کیلئے آج پوری قوم متحد اور ایک آواز ہے ۔ پاکستانی قوم کبھی بھی اپنے محسن اور دوست مملکت سعودی عرب کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔دکھ کی بات ہے کہ بعض پارلیمنٹ کے ارکان نے عرب ممالک کے بارے میں جو غیر سنجیدہ انداز اختیار کیا اس سے پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہونے کے خدشات پیدا ہوئے لیکن آج ملک بھر میں لاکھوں عوام نے پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم وفاق المساجد پاکستان کے تحت ارض حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے بیعت کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ پارلیمنٹ کی قرارداد میں موجود ابہامات کو پاکستانی قوم اپنے رویہ سے دور کرہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 2فیصد حوثی باغیوں نے یمن کی عوام کو غیر ملکی ایماء پر یرغمال بنانے کی کوشش کی اور یمن کی حکومت کی دورخواست پر سعودی عرب اور عرب ممالک نے جو اقدامات اٹھائے پاکستان علماء کونسل اسکی مکمل تائیدوحمایت کرتی ہے اگر سعودی عرب یمن کے ان باغیوں کیخلاف قدم نہ اٹھاتا تو یہ نہ صرف ارض حرمین کے امن کو تباہ کرنے کا سبب بنتے بلکہ پوری عرب دنیا کو غیر یقینی امن و امان کی کیفیت میں بدل دیتے ۔

مقررین نے کہا کہ کوئی بھی ملک اپنی سوچ اپنی فکر کسی دوسرے ملک پر مسلط کرنے کی کوشش نہ کرے ایسا کرنے کی صورت میں پورا عالم اسلام تباہی کا شکار ہوسکتا ہے ۔ مقررین نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ سعودی عرب کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے ۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ آج ملک بھر کے علماء و مشائخ کا یہ اجتماع حرمین الشریفین کے دفاع ،سلامتی اور استحکام کیلئے بیعت کا اعلان کرتا ہے اور 10ہزار نوجوانوں پر مشتمل فدائین حرمین الشریفین کی تنظیم کا بھی اعلان کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ملک کے اندر اور بیرون ملک بین المذاہب بین المسالک مکالمہ کیلئے کوشاں ہے اور جو لوگ پاکستان میں مختلف مسالک اور مذاہب کے درمیان تصادم پیدا کرنا چاہتے ہیں انکی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام ،مشائخ عظام ،مفکرین اور دانشور قوم کی رہنمائی کیلئے میدان میں آئیں ۔

انہوں نے کہا کہ امام کعبہ الشیخ خالد الغامدی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔امام کعبہ کے دورے سے پاکستان سعودی عرب تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔کنونشن سے مولانا ڈاکٹراحمد علی سراج ،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا ایوب صفدر،قاری خلیل احمد سراج،مولانا طارق محمود مدنی،مفتی وحید احمد ،مولانا عبد الحمید صابری،مولانا نعمان حاشر ،مولانا انوار الحق مجاہد ،مولانا اشفاق پتافی،مولانا امجد محمود معاویہ،مفتی عمر فاروق،مولانا عمار بلوچ ،مولانا اعظم فاوق،مولانا رسالا الدین ،مولانا عبد القیوم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :