کشمیریوں پر مظالم کی نئی لہر بدترین ریاستی دہشت گردی ہے،بارود کی طاقت سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبایا نہیں جاسکتا

بھارتی رکن پارلیمنٹ اشوک چوپڑا کا اعتراف حقیقت پسندی ہے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہرکی ذرائع ابلاغ سے گفتگو

جمعہ 24 اپریل 2015 18:11

اسلام آبادـ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بی جے پی کی مودی سرکار کی آشیرباد پر کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی حالیہ لہر دور حاضر میں ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے ، بی جے پی اور کٹھ پتلی کشمیری حکومت بارود کی طاقت سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو قابو نہیں کرسکتے ، بھارتی رکن پارلیمنٹ اشوک شونی چوپڑا کا تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے اعتراف حقیقت پسندی پر مبنی ہے۔

جمعہ کوذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں مسئلہ کشمیر اور کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے تشدد کے نئے واقعات پراپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جب سے بی جے پی نے بھارت میں اقتدار سنبھالا ہے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

رہتی سہتی کسر پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط حکومت نے نکال دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیری نوجوان طالب علم سہیل احمد صوفی اور دیگر ایسے کئی جوانوں کی شہادت کی مذمت کرتا ہے۔

بھارت اب زیادہ دیر مسئلہ کشمیر کو دبا نہیں سکتا۔ اگر بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بزور بازو دبانے کی کوشش کرے گا تو خود بھارت کے اندر سے کشمیریوں کے حق میں آوازیں اٹھنا شروع ہوجائیں گی۔ بھارتی رکن پارلیمنٹ کا اعتراف ابھی شروعات ہیں، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔

متعلقہ عنوان :