الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات جاری کر دیں

جمعہ 24 اپریل 2015 18:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس میں ہفتہ کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی 42کنٹونمنٹس کی 199 نشستوں پر 1151 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، 18سیاسی جماعتوں کے 541 امیدوار جبکہ 610 آزاد امیدوار بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، سب سے زیادہ امیدوار پی ٹی آئی نے کھڑے کئے ہیں جن کی تعداد 133 ہے جبکہ دوسرے نمبر پر (ن) لیگ ہے جس کے امیدواروں کی تعداد 128 ہے، پی پی پی کے 89، جماعت اسلامی کے 74 جبکہ عوامی تحریک اور ایم کیو ایم کے 27,27 امیدوار بلدیاتی انتخابات میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پورے ملک میں 1225 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جن میں 130 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس جبکہ 110 کو حساس قرار دے کر خصوصی سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔