کراچی میں گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن ، آر ڈی ایف یونٹ اور ری سائیکلنگ پلانٹ کو مشترکہ طور پر30 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ

جمعہ 24 اپریل 2015 17:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) کراچی میں اس وقت بمشکل 30 سے 40 فیصد کچرا اٹھایا جارہا ہے جبکہ شہریوں کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے اور شہرکو صاف ستھرا بنانے کے لئے ضروری ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر شہر سے صد فیصد کچرا اٹھایا جائے لہذا سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ جدید اور مربوط سائینٹیفک نظام کے تحت کراچی میں 30 فیصد کے بجائے 100 فیصد کچرا اٹھانے کو یقینی بنائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ روشن علی شیخ نے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر میر نصرت علی پنھور ‘ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر فنانس اے ڈی سنجنائی ‘ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر آپریشن حیدرآباد محمد اسلم کھوسو ‘ ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ محمد شبیہہ صدیقی اور بورڈ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ز بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

روشن علی شیخ نے کہا کہ کراچی میں جدید سائنسی طریقہ کار پر کچرا اٹھانے کا ایک مربوط نظام متعارف کرایا جارہا ہے جس میں کچرے کو صحت کے بین الاقوامی اصولوں کے مطابق پروسز کیا جائے گا جس کے لئے شہر کے مختلف اضلاع میں 6 گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن قائم کئے جارہے ہیں۔ ایک گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن اور اس کے ساتھ آر ڈی ایف یونٹ اور ری سائیکلنگ پلانٹ پر مشترکہ طور پر 30 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی ۔

کچرے کی ری سائیکلنگ کے نتیجے میں حاصل ہونے والی قیمتی اشیاء سے ایندھن ‘ بجلی ‘ بائیو گیس اور سی این جی گیس تیار کی جائے گی اس طرح شہر کی آمدنی میں اضافہ بھی کیا جائے گا ۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے کہا کہ شہر میں 60% فیصد سے زائد کچرا نہ اٹھانے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات ‘ تکالیف ‘ پریشانیوں اور مختلف قسم کی جلدی و سانس کی بیماریوں کا سامنا ہے ۔

روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھانے کے باعث شہر کے ماحول میں بہتری آئے گی اور لوگوں کی صحت پر مثبت اثرات بھی مرتب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے نظام کو لاگو کرنے سے گھروں‘ تجارتی مراکز بشمول صنعتی علاقے سے کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کا ایک مربوط اور سائنسی نظام قائم ہوگا ۔ جبکہ اس نظام کا دائرہ کار حیدرآباد ‘ سکھر ‘ لاڑکانہ ‘ نواب شاہ اور سندھ کے دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا ۔ بین الاقوامی طور پر سندھ بشمول کراچی کا تشخص ابھارنے میں یہ پروگرام کلیدی کردار ادا کریگا جبکہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بنیاد بھی فراہم کرے گا ۔ ۔

متعلقہ عنوان :