سندھ ہائیکورٹ، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی سکیورٹی واپس لیے جانے کیخلاف درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نوٹس جاری

جمعہ 24 اپریل 2015 17:36

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء ) سندھ ہائی کورٹ نے سکیورٹی واپس لیے جانے کے خلاف سابق صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی جانب سے دائر درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ آئی جی سمیت دیگر کو 28 اپریل کے لیے نوٹس جاری کر دیئے ۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار سسابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور رکن صوبائی اسمبلی حسنین مرزا کوسکیورٹی بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سکیورٹی واپس لیے جانے کے خلاف سابق صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے اشرف سموں ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں چیف سیکرٹری سندھ ، ہوم سیکرٹری سندھ ، آئی جی سندھ ، ڈی آئی جی حیدر آباد اور ایس ایس پی سکیورٹی سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے موکل سابق صوبائی وزیر داخلہ ہیں ۔ ان کے موکل اور اہل خانہ کو فراہم کی گئی سکیورٹی 22 اپریل 2015 ء کو واپس لے لی گئی ، ان کے موکل نے پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی کرپشن اور ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کیخلاف بیانات دیئے ہیں جس پر ان کی جان کو خطرالاحق ہیں ۔