ایسے ماحول کو پروان چڑھانا ہم پر لازم ہے جس میں نیول آپریشنز محفوظ تر ہوں ـ، نیول چیف

ہم کسی بھی سطح پر سیفٹی کے اصولوں سے لاعلمی کے سبب قیمتی جانوں، بیش قیمت اثاثہ جات اور آلات کے نقصان کے متحمل نہیں ہوسکتے،ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ

جمعہ 24 اپریل 2015 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) پاک بحریہ کا سالانہ سیفٹی ریویو برائے سال 2014 جمعہ کو بحریہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا ء اﷲ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ سیفٹی ریویو پاک بحریہ کی اہم سالانہ سر گرمیوں میں سے ایک ہے اور اس کا ہر سال باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا ہے ۔سیفٹی ریویو کا مقصد پاک بحریہ کے مختلف یونٹس اور اسٹیبلشمنٹس میں مجموعی طور پر سیفٹی کے معیار کو پرکھنا اور پاک بحریہ کے افراد میں سیفٹی کے رجحان کومزید تقویت دینا ہے ۔

سیفٹی ریویو کے باقاعدہ انعقاد کی بدولت پاک بحریہ میں سیفٹی کلچر کو نمایاں فروغ حاصل ہوا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمدذکاء اﷲ نے پاک بحریہ میں سیفٹی کلچر کے فروغ اور اس میں لائی جانے والی مثبت تبدیلیوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس حقیقت کا اظہار بھی کیا کہ ہم ایک ترقی پذیر ملک ہیں اور قوم اپنے وسائل کا قابل ذکر حصہ بحری دفاع پر خرچ کر رہی ہے اور ہمیں اپنی ذمہ داریوں کی بطریق احسن انجام دہی کے لیے جدید سازو سامان مہیا کررہی ہے۔

لہذا ہم کسی بھی سطح پر سیفٹی کے اصولوں سے لاعلمی کے سبب قیمتی جانوں، بیش قیمت اثاثہ جات اور آلات کے نقصان کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ اس حقیقت کے پیش نظر ہم پر یہ لازم ہے کہ ہم اپنے دفاعی اثاثوں کی بھر پور انداز میں حفاظت کریں ۔ مہمان خصوصی نے کہاکہ سیفٹی کا عمل اس بات کا متقاضی ہے کے سمندری آپریشنز کے لئے افراد کی تربیت ،مروجہ طریقہ پر عمل درآمد کو اپنانے اور جان و مال کے نقصان سے بچاؤ کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ واقعات کا بھرپور تجزیہ بلا شبہ زمانہ جنگ اور امن دونوں میں کامیابی کا ضامن ہے۔ ایڈمرل ذکا ء اﷲ نے زوردیتے ہوئے کہا کہ ہمیں شفاف اور بے باک کلچر کے قیام کے لیے کام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیفٹی ریویو کے دوران حاصل ہونے والے تجربات سے ایسا ماحول فروغ پائے گا جس میں ہمارے بحری آپریشنز پہلے سے زیادہ محفوظ ہونگے۔

قبل ازیں اپنے ابتدائی کلمات میں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ سال 2014ء مشکل آپریشنز ، دیکھ بھال اور انتظامی سرگرمیوں کا سال تھا جن میں لائیو ویپن فائرنگ، پاک فضائیہ ، متحدہ عرب امارات اور روسی بحری افواج کے ساتھ مشترکہ مشقیں ، بیرون ملک تعیناتیاں اور خصوصی مشقیں چندقابل ذکر سرگرمیاں تھیں جن کے دوران افراد ی قوت اور حربی سازو سامان کی انتہائی حد تک آزمائش ہوئی ۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے جیتنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور انہیں مبارک باد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :