Live Updates

سونامی کو کراچی میں بریک لگ چکی‘ جلد ہی پختونخواہ کے عوام کو بھی عذاب سے نجات مل جائے گی ‘ کراچی کے عوام نے ایک نئی تاریخ رقم کردی اور بقول عمران خان ملکی سیاست کا رخ متعین کردیا ہے ‘عوام کے فیصلے کوتسلیم کرتے ہوئے عمران خان کو چاہیے کہ وہ اب سیاست چھوڑ کر کوئی اور کام کریں

ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھر کی میڈیا سے بات چیت

جمعہ 24 اپریل 2015 17:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھر نے کہا ہے کہ سونامی کو کراچی میں بریک لگ چکی‘ جلد ہی پختونخواہ کے عوام کو بھی عذاب سے نجات مل جائے گی ‘ کراچی کے عوام نے ایک نئی تاریخ رقم کردی اور بقول عمران خان ملکی سیاست کا رخ متعین کردیا ہے عوام کے فیصلے کوتسلیم کرتے ہوئے عمران خان کو چاہیے کہ وہ اب سیاست چھوڑ کر کوئی اور کام کریں کیونکہ سونامی ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا چکا ہے اور اب عوام اور قوم مزید سونامی کے نقصانات برداشت کرنے کے قابل نہیں ۔

سونامی ملک کی ترقی ‘ عوام کی حکمرانی اور خوشحالی کیخلاف ایک بڑی سازش تھی جسے کراچی کے عوام نے فیصلہ کن معرکہ میں ناکام بنادیا اب ملک بھر کے باشعور عوام کافرض ہے کہ وہ اس عذاب الہی سے چھٹکارا پانے کیلئے کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

عزیز آباد میں تاریخی کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ‘ جو صوبائی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج بھی ہیں نے کہا کہ تھرڈ امپائر کے کندھوں پر سوار ہو کر تمام ریاستی وسائل کے ہمراہ کراچی فتح کرنے کا خواب دیکھنے والی تحریک انصاف اور عمران خان کو جان لینا چاہیے کہ عوامی طاقت کے آگے کسی تھرڈ امپائر کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔

خوف ‘ خوف کا رونا رونے والے عمران خان نے تھرڈ امپائرکی مدد سے کراچی میں بدترین خوف کی فضاء پیدا کی اور ایسا ماحول بنادیا کہ جسے ضمنی انتخابات نہیں کوئی جنگ ہورہی ہے اور عزیز آباد کوئی مقبوضہ علاقہ ہے جسے فتح کرنے کیلئے دشمن کی فوج تمام لاؤلشکر کے ساتھ موجود ہے ۔ ایک حلقہ میں ہزاروں کی تعداد میں رینجرز ‘ پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کی تعیناتی ‘ پولنگ سٹیشنز کے اندر رینجرز کی تعیناتی ‘ پانچ سے چھ جگہوں پر شناختی کارڈ کی چیکنگ ‘ رینجرز کی نگرانی میں گنتی ‘ مختلف حیلے بہانوں سے پولنگ کے عمل کو سست کرنے ‘ ووٹرز کو خوف و ہراس میں مبتلا کر پولنگ اسٹیشنز آنے سے روکنے کے باوجود حق پرست امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے اور ریاستی وسائل‘ غاصب ٹولہ کو شکست فاش ہوئی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام نے ایم کیو ایم اور قائد تحریک الطاف حسین بھائی کیخلاف مذموم پروپیگنڈا اور میڈیا ٹراٹل مکمل مسترد کرتے ہوئے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے کہ عوام باشعور ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ کون عوام سے مخلص ہے ‘ کس نے عوام کیلئے قربانیاں دی ہیں‘ کون عوام کے دکھ درد میں شریک ہوتا ہے اور کون عوام کیلئے قربانیاں دیتا ہے ۔

کراچی کے عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ملک بھر کے عوام کو پیغام دیا ہے کہ عمران خان اور ان کے عیاش حواری عوام کے مخلص نہیں ‘ لگژری طیاروں پر سفر کرنے والے اور فائیو سٹارز ہوٹل پر قیام کرنے والے غریب عوام کے مسائل کیسے سمجھ سکتے ہیں اور ان کا درد کیسے محسوس کرسکتے ہیں اس لئے ملک بھر کے عوام کو چاہیے کہ کرپٹ عیاش ٹولے کے بجائے اپنی صفوں میں سے غریب اور متوسط طبقہ کے بلاصلاحیت نوجوانوں کا انتخاب کر کے اسمبلیوں اور اقتدار کے ایوانوں میں بھیجیں جو ان کے مسائل سمجھ سکیں اور ملک سے استحصالی نظام کا خاتمہ کرسکیں۔

طاہرکھوکھر نے کہا کہ تحریک انصاف اور عمران خان بیرونی قوتوں کے ایجنٹ ہیں جو ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان ترقی نہ کرسکے اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کو کامیابی نہ ملے عوام سونامی کا اصل چہرہ اور حقیقت جان چکے ہیں اور کراچی کی طرح ملک بھر کے گلی کوچے میں اب سونامی کا احتساب کیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ عزیز آباد میں تاریخی کامیابی پر تمام حق پرست عوام اور کارکن مبارکباد کے مستحق ہیں اب وہ وقت دور نہیں جب ایم کیو ایم پورے ملک میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے وسائل کا رخ امراء کے بجائے غریبوں کی جانب موڑے گی اور ملک حقیقی معنوں میں ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :